دورہ سری لنکا پر پہنچنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے لیکن سپورٹ اسٹاف میں شامل مساجر ملنگ علی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
قومی ٹیم کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اسکواڈ کے ایک سپورٹ اسٹاف ملنگ علی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں، ملنگ علی کا ریپڈ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں 5 روزہ آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق 5 روز کے بعد سپورٹ اسٹاف کے رکن کا دوبارہ ریپڈ ٹیسٹ ہو گا اور ٹیسٹ کلیئر کرنے کے بعد انہیں اسکواڈ جوائن کرنے کی اجازت ہوگی۔
قومی اسکواڈ میں شامل باقی تمام ارکان کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ کھلاڑیوں نے آج پول سیشن میں حصہ لیا جب کہ ٹیم کا پہلا ٹریننگ سیشن کل ہو گا۔ پاکستانی ٹیم 11 سے 13 جولائی تک تین روزہ وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز شیڈول ہے۔ سیریز کا پہلا میچ 16 جولائی سے گال میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز کے دونوں میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا بھی حصہ ہیں۔