پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے دورہ سری لنکا کے لئے اڑان بھر لی۔ قومی ٹیم لاہور سے رات گئے روانہ ہوئی۔ کھلاڑی براستہ دبئی سری لنکا کے دارلحکومت کولمبو پہنچیں گے۔
پاکستانی وقت کے مطابق کھلاڑی آج شام 6 بجے تک کولمبو پہنچیں گے۔ جسکے بعد کھلاڑیوں کو ہوٹل منتقل کردیا جائے گا۔ کھلاڑی سیریز سے قبل وارم اپ میچ بھی کھیلیں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائےگی، پہلا ٹیسٹ میچ 16 سے 20 جولائی تک گال میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں شیڈول ہے ۔
دورہ سری لنکا پر روانگی سے قبل پاکستانی ٹیم نے راولپنڈی میں سات روزہ تربیتی کیمپ میں بھرپور تیاریاں بھی کیں ، کھلاڑیوں نے پریکٹس میچ کھیل کر ٹیسٹ سیریز کی تیاری کی۔
دورہ سری لنکا پر روانگی سے ایک روز قبل کپتان بابراعظم کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی سیریز کیلئے تیارہیں، جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
واضح رہے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا بھی حصہ ہے۔ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں پاکستان اس وقت تیسرے اور سری لنکا کی ٹیم پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی ٹاپ 2 ٹیموں کے درمیان اگلے برس فائنل کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ ورلڈٹیسٹ چیمپیئن شپ کے پہلے سیزن کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔