پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ کراچی کیلئے پی ایس پی ہی آخری آپشن ہے۔ سب تجربات ہوچکے ہیں۔ عوام پی ایس پی کو ووٹ دیں گے اور انشاء اللہ اگلا میئر پاک سرزمین پارٹی کا ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو میں مصطفٰی کمال کا کہنا تھا کہ وہ آخری سانس تک لڑتے رہیں گے۔ جب انہوں نے جدوجہد کا آغاز کیا تو صرف دو لوگ تھے لیکن آج انکے ساتھ لاکھوں لوگ ہیں۔
پاک سرزمین پارٹی چھ سالوں میں کہاں سے کہاں پہنچی ہے سب جانتے ہیں اور جو لوگ کراچی کے دعویدار تھے انکا کیا حشر ہے یہ بھی سب نے دیکھ لیا ہے۔ پاک سرزمین پارٹی کا گراف اور مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ انکا کوئی خاص ہدف نہیں ہے جب تک سانسیں ہے وہ عوام کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ کراچی کے لئے حکمرانوں نے کچھ نہیں کیا۔ اب صرف پی ایس پی ہی شہر کے مسائل حل کرسکتی ہے۔
مصطفٰی کمال کا کہنا تھا کہ اس وقت ایم کیوایم کی 7 سیٹیں حکومت کیلئے بہت اہم ہے ان کی وجہ سے ہی حکومت قائم ہے اگر ایم کیوایم دھمکی دینے کے بجائے حکومت چھوڑنے کا پختہ ارادہ کرلے تو کراچی سمیت سندھ کے مسائل حل ہوسکتے ہیں لیکن حکمرانوں کو معلوم ہے ایم کیوایم حکومت نہیں چھوڑے گی۔
سربراہ پاک سرزمین پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی 13 سالوں سے حکمران ہے، اس شہر نے عمران خان کو وزیراعظم بنایا ایم کیوایم چالیس سالوں سے کراچی میں موجود ہے لیکن کسی نے بھی عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔
لوگوں کو بھی سب سمجھ آگئی ہے پاکستان چلانے والوں کو بھی سمجھنا چاہئے۔ کراچی کو برباد نہ ہونے دیا جائے اور پاک سرزمین پارٹی کو بھی پورا موقع دیا جائے۔
مصطفٰی کمال کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی انتخابات جیت جائے گی۔ لوگ انہیں ووٹ دیں گے اور کراچی میں اگلا میئر پاک سرزمین پارٹی کا ہی ہوگا۔