سندھ ٹیکنیکل بورڈ کراچی کے امتحان میں میں مہاجرین کی آمد سے متعلق متنازع سوال بنانے والے اساتذہ کو چیئرمین ٹیکنیکل بورڈ ڈاکٹر مسرور شیخ نے کاروائی کرتے ہوئے بلیک لسٹ کردیا۔
سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کراچی کے تحت ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ (ڈی اے ای) کے تیسرے سال کیلئے ہونے والےاسلامیات/مطالعہ پاکستان اور اخلاقیات کے پرچے میں مہاجرین سے متعلق متنازع سوال پوچھا گیا۔
پرچے میں سوال کیا گیا تھا کہ مہاجرین کی آمد سے پیدا ہونے والے مسائل تحریر کریں ؟ اس سوال پر شہر میں سخت احتجاج کیا گیا جبکہ سوشل میڈیا پر بھی سوال پر شدید تنقید کی گئی۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین ٹیکنیکل بورڈ ڈاکٹر مسرور شیخ نے سوال کے معاملے پر امتحانی سینٹراور موڈریٹر کے خلاف سخت کارروائی کر کے ان کو بلیک لسٹ کردیا۔
ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی سے متعلق ایک سرکلر کے ذریعے سے آگاہ کیا گیا ہے تاہم سرکلر میں ان افراد کے نام شامل نہیں ہیں جنکے خلاف کاروائی کی گئی ہے۔
چیئرمین ٹیکنیکل بورڈ نے ناظم امتحانات گل محمد کنڈ کو ہدایت دی ہے کہ اب جو بھی پرچہ پیپرسیٹر بنائے گا اس کی پہلے چیکنگ کی جائے۔
چئیرمین بورڈ کے مطابق موڈریٹر کوبھی اس کے متعلق احکامات جاری کردیے تا کہ ایسی غفلت دوبارہ نہ ہو، ان کا مزید کہنا تھا کہ اب ہر پرچہ کھول کر دیکھا جائے گا، اس بات کا سختی سے خیال رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ موڈریٹرز/ پیپر سیٹر کی جانب سے ایک پرچے کو تین مختلف انداز میں بنایا جاتا ہے تاکہ ایک پیپر لیک ہونے کی صورت میں دوسرا پیپر جاری کیا جائے ۔