کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں بے نظیر بھٹو پارک کے قریب جمع سمندری پانی میں 7 افراد ڈوب گئے، جن میں سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 3 کو بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا گیا۔
ہجرت کالونی کے رہائشی 4 نوجوان بدھ کی شام بوٹ بیسن بے نظیر پارک پہنچے جن میں سے 2 نوجوان قریب ہی سمندر کے ٹھہرے ہوئے پانی میں اترے تو ڈوب گئے۔
ڈوبنے والوں کی تلاش میں ایدھی کی بحری ریسکیو ٹیم نے آپریشن شروع کیا۔ پولیس کے مطابق اندھیرا ہونے کے باعث رات گئے ڈوبنے والوں کی تلاش کا عمل رکا تو عزیز و اقارب مشتعل ہو گئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز جھیل میں 2 افراد نہاتے ہوئے ڈوب گئے تھے، اور انہیں بچانے کے لئے پانی میں اترنے والے عزیز و اقارب میں سے 5 مزید افراد بھی ڈوب گئے جن میں سے 3 کو بے ہوشی کی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈوبنے والے 4 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، ڈوبنے والے چاروں افراد کی شناخت حماد، ریاض، سیف اللّٰہ اور اللّٰہ داد کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ضابطے کی کارروائی مکمل کر کے لاشیں ورثاء کے سپرد کر دی گئی ہیں۔