پاکستان میں سیاسی عدم استحکام، حکومتی پالیسیوں، آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر اور زر مبادلہ میں کمی کے باعث روپے کی مسلسل بے قدری جاری ہے۔ ڈالر نے آج بلندترین سطح کا نیا ریکارڈ بنادیا۔
کاروباری دن کی ابتداء میں ہی انٹر بینک میں امریکی ڈالر نے اڑان بھرنی شروع کر دی، کاروبار کے دوران امریکی ڈالر 1 روپے29 پیسے مہنگا ہو گیا۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق ڈالر کی قدر میں اضافے کے بعد انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت 207 روپے 75 پیسے ہوگئی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں یہ ڈالر کی بلندترین سطح ہے۔
انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کا اثر اوپن مارکیٹ میں بھی دیکھا گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 208 روپے 50 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔
ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے سے پاکستان کے گردشی قرضوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے، جسکے باعث کاروباری طبقہ انتہائی مشکلات کا شکار ہے۔ گزشتہ 3 ماہ میں مجموعی طور پر ڈالر کی قدر میں 26 روپے سے زائد کا اضافہ ہوچکا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج صبح کاروبار کا ملا جلا آغاز ہوا ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبارہ کے آغاز میں 100 انڈیکس 93 پوائنٹس کمی سے 41345 ہے۔