پاکستان تحریک انصاف نے لانگ مارچ کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے بیرسٹر علی ظفر کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران وفاقی اور پنجاب حکومت کو تشدد اور طاقت کے استعمال سے روکا جائے ، کسی کارکن کو گرفتار نہ کیا جائے اور کسی قسم کی رکاوٹیں بھی حائل نہ کی جائیں۔
احتجاج اور لانگ مارچ کرنا ہر جماعت کا جمہوری حق ہے، عدالت حکومت کو لانگ مارچ کی راہ میں رکاوٹ بننے سے روکے۔
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف نے 25 مئی کو لانگ مارچ اور اسلام آباد میں احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا تھا۔ لانگ مارچ کو روکنے کے لئے پنجاب اور وفاقی حکومت نے راستے بلاک اور اسلام آباد کے ریڈ زون میں سیکیورٹی اہلکار تعینات کردیئے تھے۔
مختلف علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں کئی پولیس اہلکار اور سیاسی کارکن جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے تحریک انصاف کو ایچ نائن میدان میں احتجاج کی اجازے دینے کے بعد راستے کھول دیئے گئے تھے تاہم 26 مئی کو عمران خان نے اسلام آباد پہنچ کر لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔