پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آج سے میٹرک بورڈ کے تحت سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا۔ کراچی کے ساتھ حیدرآباد اور میرپور خاص میں بھی امتحانات شروع ہوگئے ہیں۔
کراچی میں امتحانات کے پہلے ہی روز پرچہ آؤٹ ہونے کی شکایتیں آنے لگیں، نویں جماعت کا کمپیوٹر اسٹیڈیز کا پرچہ آؤٹ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
طلباء کے امتحانی مراکز پر موبائل فون ساتھ لانے پر پابندی ہے لیکن اسکے باوجود نویں جماعت کا پرچہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔ نقل کروانے والوں کی بھی بڑی تعداد امتحانی مراکز کے اطراف نظر آئی۔
بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے تحت امتحانات میں 3 لاکھ 60 ہزار سے زائد طلبہ شریک ہو رہے ہیں۔ میٹرک بورڈ کے مطابق کراچی کے 18 ٹاؤنز میں 448 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن کے اطراف دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
کراچی میں آج نویں جماعت سائنس گروپ کا کمپیوٹر اسٹڈیز کا پرچہ ہورہا ہے، 1 لاکھ 58 ہزار 869 طلبا و طالبات پرچہ دیں گے جبکہ نویں جماعت جنرل گروپ کے طلبہ کا جنرل سائنس کا پرچہ ہے جس میں 17 ہزار 782 طلبہ شریک ہیں۔