پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی کو پانی فراہم کرنے والی حب ڈیم کینال میں پڑنے والے شگاف کو پُر کرلیا گیا۔ شگاف پُر کرنے کے بعد شہر کو پانی کی فراہمی بھی بحال کردی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان کی حدود میں حب کینال میں پانچ فٹ کا شگاف پڑا تھا، جسکی فوری طور پر مرمت کا آغاز کیا گیا اور ایک دن سے بھی کم وقت میں شگاف کو پُر کردیا گیا۔
واٹربورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ حب ڈیم کینال میں پڑنے والا شگاف معمولی نوعیت کا تھا جسکے باعث چند گھنٹوں سے کراچی کو پانی کی فراہمی متاثر رہی لیکن مجموعی طور پر شہر میں زیادہ قلت نہیں ہوئی۔
اس وقت حب ڈیم سے شہرقائد کو پانی کی فراہمی جاری ہے اور لائنوں کے ذریعے مختلف علاقوں میں پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ حب ڈیم سے کراچی کو یومیہ 100 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے۔
واضح رہے ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی پانی کی قلت کا شکار ہے۔ شہر کے بیشتر علاقے کئی دنوں سے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں ٹینکرز کی مدد سے پانی فراہم کیا جارہا ہے۔
کراچی کو پانی سپلائی کرنے والے کینجھر جھیل میں بھی پانی کا ذخیرہ کم ہورہا ہے اور پانی کی سطح ڈیڈ لیول کے قریب پہنچ رہی ہے۔ جھیل میں پانی مذید کم ہونے کی صورت میں کینجھر جھیل سے بھی کراچی کو پانی کی فراہمی بندہوسکتی ہے۔