امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے تحت یوسی آفس 18 لانڈھی بابر مارکیٹ میں عوامی دعوت افطار میں شرکت کی۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے چھوٹے بچوں اور بچیوں کو پہلا روزہ رکھنے پر پھولوں کا ہار بھی بنایا اور تحائف بھی تقسیم کیے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ہم ان لوگوں کی نسلوں میں سے ہیں جنہوں نظریے کی خاطر پاکستان ہجرت کی جبکہ تمام حکومتیں آئی ایم ایف کے غلام بنے ہوئے ہیں۔ شہر کراچی پانی، بجلی سمیت بنیادی ضروریات سے محروم ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمران جماعتوں کو کراچی سے سوائے لوٹ کھسوٹ کے کوئی غرض نہیں ہے، کراچی کے عوام کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے خود ہی لڑنا پڑے گا۔
ملک میں 74 سال سے غلامی کا نظام ہم پر مسلط ہے،ملک کی اسمبلیوں میں ملک دشمن فیصلے ہوتے ہیں اور ایف اے ٹی ایف کے حق میں قانون پاس کیا جاتا ہے۔ کراچی 54 فیصد ایکسپورٹ کرتا ہے اس کے باوجود کراچی کو اس کا حق نہیں دیا جاتا۔
سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے بعد 17 سال گزرگئے پانی کے ایک بوند میں بھی اضافہ نہیں ہوا۔ ے فور منصوبہ میں 650 کروڑ گیلن کو 260 کروڑ گیلن کردیا گیا، تمام صوبوں کی موٹر وے نئی بنائی گئیں لیکن کراچی تا حیدرآباد موٹروے کی کوئی بات نہیں کرتا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے خلاف طویل جدوجہد کی ، شہریوں کے شناختی کارڈ بنوائے جبکہ جماعت اسلامی نے بحریہ ٹاون کی انتظامیہ سے کڑ جھگڑ کر 9 ارب روپے متاثرین کو واپس دلوائے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے یہ بھی کہا کہ وعدے اور دعوے کرنے والوں نے کراچی کو دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا، جاگیردار اور وڈیروں سے اپنا حق چھین کر واپس لینے کی جدوجہد کرنا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں کے اختیار کی جنگ 29 دن تک لڑتے رہے۔ نام نہاد پارٹیاں ذاتی مفادات کی سیاست کرتی ہے،آج ایم کیو ایم ذاتی مفادات کے لیے پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کرچکی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر نئی مردم شماری کروائی جائے جبکہ کے فور منصوبہ میں 26 کروڑ کی بجائے 650 کروڑ گیلن بھی کراچی کے عوام کو دیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے ایک بار پھر سے کوٹہ سسٹم کے حوالے سے پیپلز پارٹی کو شہریوں کا مینڈیٹ فروخت کیا۔ کراچی کے عوام جماعت اسلامی کی جدوجہد کا حصہ بنیں، ہم ہی ہیں جو مسائل حل کرسکتے ہیں۔