عمران خان کے عدم اعتماد کی تحریک کے نتیجہ میں وزارت عظمی سے برطرفی پر پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں احتجاج کا پلان بنالیا۔ عمران خان نے دو روز قبل قوم سے خطاب میں عوام سے اتوار کو نماز عشاء کے بعد پرامن احتجاج کی اپیل کی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف نے آج سے شروع ہونے والے احتجاج کے مقامات کا اعلان بھی کردیا ہے۔ کراچی سمیت ملک بھر میں 46 مقامات پر احتجاج کیا جائے گا۔ کراچی میں رات ساڑھے نو بجے گلستان جوہر میں ملینیئم مال کے سامنے پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔
لاہور میں گارڈن ٹاؤن کے ایف سی سے لبرٹی سٹی تک رات 8 بجے احتجاج ہوگا۔ اسلام آباد میں رات ساڑھے 9 بجے زیرو پوائنٹ سے ڈی چوک تک ریلی نکالی جائے گی۔ پشاور میں پریس کلب پر پی ٹی آئی کے کارکنان رات 10 بجے احتجاج کیلئے یکجہ ہوں گے۔
سیالکوٹ میں رنگ پورہ چوک، ساہیوال میں مزدور پلی، خانیوال میں کلمہ چوک، چنیوٹ میں ڈسٹرکٹ سیکریٹریٹ سیٹلائٹ ٹاؤن، پاک پتن میں نگینہ چوک، کوہاٹ میں کچہری چوک، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جہاز چوک، پسرور میں کچہری چوک، احمدپور ڈسٹرکٹ رحیم یارخان، گگومنڈی میں قائد اعظم چوک پر احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔
بورے والا میں پریس کلب، جھنگ میں کچہری چوک، ناروال میں جسربائی پاس، شیخوپورہ میں یادگار چوک، بھکر میں فوارہ چوک، اوکاڑہ میں پریس کلب، چکوال میں پریس کلب، صادق آباد میں میلاد چوک، ملتان میں چونگی نمبر 9 اور بنوں میں میلاد چوک پر احتجاج ہوگا۔ اٹک اور سرگودھا میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔
حیدرآباد میں انصاف ہاؤس لطیف آباد، یونٹ نمبر 7 لطیف آباد، عیدمیلاد چوک لطیف آباد نمبر 10 اور حیدرچوک پر کارکنان احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص، ٹنڈوالہ یار، بدین، سجاول، ٹھٹہ، ٹی ایم خان، جامشورو، مٹیاری، قمبرشہداد کوٹ، شکارپور، کشمور، نواب شاہ، سانگھڑ، نوشہرو فیروز، خیرپور، گھوٹکی اور عمرکوٹ میں احتجاج کیا جائے گا۔