عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد چند روز قبل گورنر پنجاب کے عہدے پر تعینات ہونے والے عمر سرفراز چیمہ کے مستعفی ہونے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمر سرفراز چیمہ نئے وزیرِ اعظم کے حلف اُٹھاتے ہی گورنر پنجاب کے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کو ان کے عہدے سے برطرف کیے جانے کے بعد عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کیا گیا تھا۔
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو پاکستان تحریکِ انصاف کی قیادت کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی بلا لیا گیا ہے۔ عمرسرفراز چیمہ آج بنی گالہ میں ہونے والی پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل بھی جلد اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔ عمران اسماعیل کراچی پہنچنے کےبعد استعفیٰ دینے کا اعلان کردیں گے۔
عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان بھی مستعفی ہونے کا اعلان کرچکے ہیں۔ گورنر شاہ فرمان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے وزیراعظم کا اعتماد کا ووٹ لینے کے دن ہی استعفی بھجوا دوں گا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد 174 ووٹوں سے کامیاب ہو گئی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی کا اقتدار اختتام کو پہنچا۔ نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کل بروز پیر دن دو بجے ہو گی۔