شہرقائد کے علاقے پیر آباد میں اسکول کی کمسن طالبہ کو ہراساں کرنے اور اسکے ساتھ نازیبا حرکت کرنے والا ملزم قانون کے شکنجے میں آگیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزم کی شناخت کرکے گرفتار کرلیا۔
کراچی میں جمعہ کے روز پیرآباد تھانے کی حدود میں اسکول کی طالبہ کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جسکی ویڈیو سوشل میڈیا پرتیزی سے وائرل ہوگئی تھی۔
ویڈیو میں موٹر سائیکل سوار ملزم طالبہ کو ہراساں کرتے اور اسکے ساتھ نازیبا حرکت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس بھی حرکت میں آئی اور ملزم کی شناخت کرکے اسکی تلاش شروع کردی۔
رات گئے پیر آباد پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 5 میں کارروائی کرتے ہوئے اسکول کی طالبہ کو ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا جسکی شناخت نسیم ولد انور کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور سزا دی جائے گی۔
واضح رہے اس سے قبل بھی نہ صرف کراچی بلکہ ملک بھر میں خواتین کو ہراساں کرنے اور انکے ساتھ خیراخلاقی حرکت کرنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔