وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج شام قوم سے خطاب کریں گے۔ جس میں وزیراعظم پاکستان کے خلاف ہونے والی سازش اور دیگر معاملات پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کاکہنا تھا کہ سیاست اب شروع ہوچکی ہے، وزیراعظم نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس بلا لیا ہے۔عمران خان آخری گیند تک مقابلہ کریں گے جب کہ دھمکی آمیز خط دکھانے کے لیے دس صحافیوں کو بلایا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے کنوینیئر اور وفاقی وزیر خالدمقبول صدیقی کو بھی مدعو کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم کیو ایم (پاکستان) نے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں شرکت سے معذرت کرلی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد مگسی کو بھی مدعو کیا گیا لیکن وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع کے مطابق خالد مگسی سے رابطہ ممکن نہیں ہوسکا۔