کراچی کے شہریوں پر ایک بار پھر بجلی گرانے کی تیاری کی جارہے ہے۔ شہرقائد میں بجلی کا نظام چلانے والے ادارے کے الیکٹرک نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دے دی۔
کے الیکٹرک نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 45 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دی ہے۔ نیپرا کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت 4 اپریل کو کرے گا۔
نیپرا کی جانب سے منظوری کی صورت میں کے الیکٹرک صارفین پر 3 ارب 95 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا اور اس کی وصولی مارچ کے بل میں ہوگی۔
دوسری جانب سینٹرل پرچیز پاور ایجنسی نے بھی نیپرا کو فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 99 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔ جس کی سماعت 31 مارچ کو ہوگی۔
واضح رہے چند ہفتے قبل وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں پیٹرول اور بجلی سستی کرنے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی جون تک قیمتیں نہ بڑھانے کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔