سانحہ 12مئی پر ایم کیو ایم نے معافی مانگ لی

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالدمقبول صدیقی نے سانحہ بارہ مئی پر معافی مانگ لی ہے۔ خالدمقبول صدیقی نے اس بات کا اظہار بلوچستان بار سے خطاب کے دوران کیا۔


خالدمقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سانحہ بارہ مئی پر ایم کیوایم کو معافی مانگنی چاہئے تھی۔ وہ سانحہ بارہ مئی پر معافی مانگتے ہیں۔ معافی اس بات کی کہ ایم کیوایم نے اس وقت غلط اندازہ لگایا اور ایم کیوایم استعمال ہوئی۔


خالدمقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ اگر ایم کیوایم کا مقصد فساد کرنا ہوتا تو ہمارے کارکنان کبھی بھی اپنے بچوں اور خواتین کو ریلی میں لے کر نہیں آتے۔ایم کیوایم کبھی بھی فساد یا لڑائی جھگڑے کے سیاست نہیں کرتی۔


ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئر نے کہاکہ ہم نے اس وقت غلط اندازہ لگایا او رہماری جماعت استعمال ہوئی،وہ اس بات پر معافی مانگتے ہیں۔


واضح رہے بارہ مئی 2007 کو اس وقت کےمعزول کئے جانے والے چیف جسٹس افتخاراحمد چوہدری کراچی میں جلسے میں شرکت کیلئے پہنچے تھے۔ بارہ مئی کے روز صبح سے کراچی میں  لاقانونیت، بدترین تشدد اور بھیانک قتل و غارت  جاری رہی اور مختلف واقعات میں کم از کم 48 افراد قتل ہوئے۔ سیاسی حلقے مقتولین کی تعداد 56 یا اُس سے بھی زیادہ بتاتے ہیں۔


اُس ایک ہی دن میں ڈھائی سے تین سو کے لگ بھگ افراد گولیاں لگنے یا دیگر پرتشدد حملوں کی وجہ سے زخمی ہوئے جن میں دعووں کے مطابق پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور ایم کیو ایم سمیت کئی سیاسی جماعتوں کے کارکنان شامل تھے۔


مسلّح جتھوں کے ہاتھوں پورا شہر یرغمال دکھائی دیا اور تقریباَ ہر اہم شاہراہ پر اور ہر علاقے میں شہری زندگی دن بھر مفلوج رہی۔ان فسادات میں ایم کیوایم کا اہم کردار قرار دیا جاتا ہے کیونکہ ایم کیوایم اس وقت حکومت میں شامل تھی اور پرویزمشرف کی اتحادی تھی۔
Spread the love
جواب دیں
Related Posts