پاکستان سپرلیگ کے ساتویں سیزن کا آغاز آج سے ہورہا ہے۔ کراچی کے تاریخی نیشنل اسٹیڈیم میں میگا ایونٹ کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پی ایس ایل سیون کا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوگا۔
افتتاحی تقریب میں لیزر شو کے ساتھ پیرا گلائیڈنگ کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا۔ عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم اور آئمہ بیگ فن کا مظاہرہ کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کا پیغام بھی نشر کیا جائے گا۔ جس میں وزیراعظم پی ایس ایل سیون کے آغاز کا اعلان کریں گے۔
افتتاحی تقریب ساڑھے چھ بجے شروع ہوگی۔ جسکے بعد رات آٹھ بجے پہلے میچ کا میدان سجے گا۔ افتتاحی میچ دفاعی چیمپیئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
کراچی کنگز کو پہلے میچ سے قبل بڑا دھچکا بھی لگ گیا۔ کراچی کنگز کے اسٹار فاسٹ باؤلر محمدعامر کی پہلے میچ میں شرکت مشکوک ہے ۔ ذرائع کے مطابق محمدعامر انجری کا شکار ہے۔ عمادوسیم اور جارڈن تھامسن بھی کورونا کے باعث ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔