متحدہ عرب امارات کے دارلحکومت ابوظبی میں ایندھن کے ٹرکوں پرڈرون کے ذریعے حملہ کیا گیا۔ ابوظبی ائرپورٹ کے قریب ہونے والے اس واقع کے نتیجہ میں تین ٹرک پھٹ گئے اور آگ بھڑک اٹھی۔عرب میڈیا کے مطابق ڈرون حملہ کے نتیجہ میں 3افراد جاں بحق ہوئے جس میں سے ایک کا تعلق پاکستان سے ہے جبکہ2بھارتی شہری تھے۔حملہ میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق ابوظبی کے صنعتی علاقے مصفح میں تیل کے فرم کے قریب ایندھن کے ٹرکوں کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایاگیا جسکے نتیجہ میں 3ٹرک پھٹے اور ابوظبی انٹرنیشل ائرپورٹ پر ایک تعمیراتی مقام پر آگ لگ گئی۔تعمیراتی مقام پر آگ لگنے کے نتیجہ میں کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
یمن کے حوثی باغیوں نے ابوظبی میں ہونے والے ڈرون حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ حوثی ملیشیا کے ترجمان کے مطابق امارات کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا ہے جلد حملوں کی تفصیلات بھی شیئر کی جائیں گی۔
متحدہ عرب امارات حوثی باغیوں کے خلاف بننے والے عسکری اتحاد کا حصہ ہے۔ یمن میں 2014 میں حوثی باغیوں نے دارلحکومت صنعاء پر قبضہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔حکومت کا تختہ الٹنے پر سعودی عرب نے یمن میں فضائی کاروائیاں کیں۔سعودی قیادت میں متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک بھی یمن کے خلاف بننے والے عسکری اتحاد میں شامل ہیں۔