پاکستان کی جانب سے بھارت کے بزدلانہ حملے کے منہ توڑ جواب کے بعد بھارت نے بلآخر سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی۔
بھارت کے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں بھارت کے 5 طیارے مار گرائے اور بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیا۔
وزیردفاع خواجہ آصف نے خبر ایجنسی سے گفتگو میں تصدیق کی ہےکہ پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی جہاز مار گرائے ہیں جب کہ پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی میں برتری حاصل کرلی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مار گرائے گئے طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایس یو 30 شامل ہیں، پاک فضائیہ نے بھارت کا ایک اور رافیل طیارہ مار گرایا، ایوانتی پورا کے جنوب مغرب میں 17 ناٹیکل میل میں بھارت کا رافیل طیارہ مار گرایا گیا، پاک فوج نےجوابی کارروائی میں بھارت کابریگیڈ ہیڈکوارٹرتباہ کردیا۔
مزید پڑھیں:بھارت کا رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ، 26 شہری شہید، 46 زخمی، ترجمان پاک فوج
بھارتی میڈیا نے اپنے تین طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق کردی ہے۔ پاکستان کی جانب سے دندان شکست جواب کے بعد بھارت نے شکست تسلیم کرلی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت کے 5 طیارے اور ایک ڈرون کو مار گرایا ہے، پاکستانی فوج نے دشمن کی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا، بھارت نے سفید جھنڈالہرا کر اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔
عطاتارڑ کا کہنا ہے کہ سفید جھنڈا لہرانا بھارتی میڈیا کی بھی شکست ہے، بھارت تحقیقات سے ہمیشہ بھاگتا رہا، آج بدلہ لینے آیا اور بھاگ گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حملے میں کتنا نقصان ہوا کچھ دیر میں تفصیلات سامنے آجائیں گی، ہم نے آج ملکی اور عالمی میڈیا کے ساتھ مریدکے اور بہاولپور جانا تھا، بزدل دشمن نے مساجد، خواتین اور بچوں کو نقصان پہنچایا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی حملے سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو آگاہ کر دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مستقل مندوب نے سلامتی کونسل کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا، پاکستان مناسب وقت اور مقام پربھارتی جارحیت کے جواب کا حق رکھتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاک فوج کی میزائل اسٹرائیک نے ایل او سی پر دودنیال سیکٹر میں دشمن کی پوسٹ تباہ کردی، پاک فوج نے برنالہ سیکٹر میں بھارت کا ڈرون مار گرایا۔ سیالکوٹ پولیس کے مطابق کوٹلی لوہاراں میں پاکستان نے بھارت کے 2 ڈرون مار گرائے، ایک ڈرون پھٹ گیا اور دوسرا ڈرون فوج نے اپنی تحویل میں لے لیا، نارووال میں پاکستان نے بھارتی ڈرون مار گرایا، ایک بھارتی ڈرون ظفروال کے گاؤں تہرا کے قریب مار گرایا ہے جب کہ بھارتی ڈرون گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام کے سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں 26 افراد ہلاک اور ایک درجن زخمی ہوگئے تھے۔
بھارت کی ہندو انتہا پسند حکومت نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کے بغیر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا اور 1960 میں عالمی بینک کی ثالثی میں طے پانے والے دریاؤں کے پانی کی تقسیم کے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے اعلان کیا تھا۔ پاکستان نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنےکا بھارتی یکطرفہ اعلان مسترد کر دیا۔