کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہریوں کی بڑی تعداد آنتوں کے امراض میں بھی مبتلا ہونے لگی ۔جناح اسپتال سمیت دیگر سرکاری اور نجی اسپتالوں میں فوڈ پوائزننگ اور آنتوں کے انفیکشن کے کیسز 15 سے 20 فیصد بڑھ گئے ہیں۔جناح اسپتال کراچی کے ایمرجنسی کنسلٹنٹ ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق جناح اسپتال میں یومیہ فوڈ پوائزننگ کے 80 سے 90 کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔
آنتوں کے عام امراض
گرمی کی باعث آنتوں کے عام امراض میں اسہال ، فوڈ پوائزنگ، آنتوں کی سوزش اور آنتوں میں کیڑے ہوجانا شامل ہیں ۔
گرمی اور آنتوں کے مسائل کا تعلق
طبی ماہریں کے مطابق گرمیوں مں جسم کا نظام انہضام متاثر ہو تا ہے اور جسم میں پانی کی کمی واقع ہو تی ہے۔ اس کے علاوہ گرمی کے موسم میں ماحول میں بیکٹیریا، وائرس اور دیگر جراثیم تیزی سے پھیلتے ہیں۔ یہ جراثیم اکثر آلودہ پانی، کھلے کھانوں یا غیر محفوظ مشروبات کے ذریعے جسم میں داخل ہو کر آنتوں پر حملہ آور ہوتے ہیں ۔
گرمی کے باعث آنتوں کی بیماریوں کی وجوہات
آلودہ یا نیم پکا ہوا کھانا کھانے ، گندا پانی یا اس میں بنے شربت کا استعمال ،صفائی کا خیال نہ رکھنے ، اور زیادہ چکنائی والا بازار کا کھانا ان امراض کا سبب بنتا ہے ۔
اہم علامات
طبی ماہریں کے مطابق ان بیماریوں کی علامات میں پیٹ میں درد یا مروڑ کا اٹھنا ، دست، الٹی، پیٹ میں گیس بھر جانا ، بخار اور جسمانی کمزروی شامل ہیں ۔
بچاؤ کے آسان طریقے
گرمیوں میں ان امراض سے بچنے کے لئے ماہرین طب مشورہ دیتے ہیں کہ آپ بازار کے کھانوں سے پرہیز کریں، خاص طور پر کٹے ہوئے پھل، چاٹ، گولا گنڈا وغیرہ۔
صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں ، تازہ اور گھر کا پکا ہوا کھانا کھائیں ۔
دہی ، لسی اور ہلکی غذاوں کا استعمال کریں ۔
اور پانی کا ذیادہ سے زیادہ استعمال کریں تاکہ جسم ڈی ہائیڈریشن کا شکار نہ ہو ۔