شہریوں کے سفر کو محفوظ بنانے اور ماحول دوست سفری سہولت کی فراہمی کے لئے حکومت سندھ نے کراچی میں چلنے والی تمام آن لائن ٹیکسی سروسزکے لیے ایک ہی نظام لانے اور ای وی ٹیکسی لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ معیاری، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولیات حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔ ای وی ٹیکسی سروس کے آغاز سے نہ صرف شہر کا ٹیکسی نظام بہتر ہوگا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی واضح کمی آئے گی۔
آنلائن ٹیکسی کے ایک نظام تلے آنے سے کرایوں، سروس کے معیار اور گاڑیوں کی انسپیکشن کے نظام میں بہتری آئے گی۔ ای وی ٹیکسی شہریوں کو آسان اقساط پر بھی فراہم کی جائیں گے ۔
سینئر وزیر کے مطابق کراچی میں ای وی گاڑیوں کے چارجنگ پوائنٹس، پارکنگ اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے مختلف مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بھی قائل کیا جا رہا ہے۔