رومن کیتھولک چرچ کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد نئے پوپ کے انتخاب کا صدیوں پرانا عمل شروع ہو گیا ہے۔کیتھولک چرچ میں پاپائے روم کے انتخاب کا طریقۂ کار کو ’پیپل کونکلیو‘ کہا جاتا ہے یہ ایک مخصوص قسم کا الیکشن ہے جس میں صرف 80 سال سے کم عمر کارڈینلز ووٹ ڈال سکتے ہیں۔
نئے پوپ کے انتخاب میں ممکنہ طور پر کراچی سے تعلق رکھنے والے کارڈینل جوزف کورٹ بھی حصہ لیں گے کیونکہ دستیاب معلومات کے مطابق29 اپریل 2018 کو کارڈینل کا عہدہ پانے والے جوزف کورٹ کی عمراس وقت 79 برس ہے ۔
روایت کے مطابق کسی بھی پوپ کے انتقال کی صورت میں دنیا بھر میں موجود کارڈینلز وٹیکن سٹی میں جمع ہوتے ہیں اور خود کوایک مخصوص ہال میں قید کر لیتے ہیں ۔عمارت کے اندر ہونے والی تمام کارروائی مکمل صیغۂ راز میں رہتی ہے اور کسی قسم کی اطلاع باہر نہیں آنے دی جاتی۔ بعض اوقات یہ عمل مہینوں تک جاری رہتا ہے۔
بی بی سی کے مطابق اس وقت 252 کیتھولک کارڈینلز ہیں، جن میں سے 138 نئے پوپ کو ووٹ دینے کے اہل ہیں۔ دیگر کی عمریں 80 سال سے زیادہ ہیں، جس کا مطلب ہے کہ وہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے ۔ ووٹنگ کے عمل میں دو تہائی ووٹ لینے والا رومن کیتھولک چرچ کا اگلا پاپائے اعظم بنتا ہے۔
مجموعی طور پر 9 کارڈینلز انتخابی عمل کی نگرانی کے لئے منتخب کئے جاتےہیں ، ووٹنگ میں حصہ لینے والا ہر کارڈینل کسی ایک فرد کا نام بیلٹ پیپر پر درج کرتا ہے۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی کا عمل شروع ہو تا ہے۔ اگر کسی فرد کو دو تہائی اکثریت حاصل نہ ہو تو ووٹنگ اگلے روز تک کے لیے ملتوی کر دی جاتی ہے۔ اگلے روز پھر اسی طرح رائے دہی اور رائے شماری کا عمل دہرایا جاتا ہے۔یہ عمل اُس وقت تک بار بار دہرایا جاتا ہے، جب تک کہ کسی ایک پادری کو دو تہائی ووٹ نہ مل جائیں۔
جب کسی پادری کو مطلوبہ تعداد میں ووٹ مل جاتے ہیں تو کالج آف کارڈینلز کے ڈین اُس سے عہدہ قبول کرنے سے متعلق پوچھتے ہیں اور جس لمحے وہ ’’قبول ہے‘‘ کی آواز بلند کرتا ہے، اسی لمحے نیا پوپ مقرر ہو جاتا ہے۔
بیلٹ پیپرز ہر رائے شماری کے بعد جلا دیئے جاتے ہیں۔ جلتے کاغذ کا دھواں، آتش دان کی چمنی سے باہر جاتا ہے۔ کسی کیمیائی مادّے سے اس کا رنگ سیاہ یا سفید بنایا جاتا ہے تاکہ باہر کی دنیا کو فیصلے سے آگاہ کیا جاسکے۔چمنی سے نکلنے والا دھواں اگر سیاہ ہو تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ابھی کسی کو دوتہائی اکثریت نہیں ملی ہے۔جبکہ سفید دھویں کا مطلب نئے پوپ کا منتخب ہو جانا ہے ۔
انتخاب کے بعد نیا پوپ مخصوص لباس پہن کرویٹی کن سٹی کے سینٹ پیٹرز کلیسا کی بالکونی میں دیگر پادریوں کے ساتھ آجاتے ہیں، باہر چوک میں ہزاروں منتظر مسیحی عقیدت مند، نئے پوپ کا پہلی بار دیدار کرتے اور نعرے لگاتے ہیں۔