کراچی میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ہیٹ ویو کا سلسلہ شروع ہو گیا ،اتوار کو درجہ حرارت 40 ڈگری تک جا پہنچا، جبکہ ہوا میں نمی 10 فیصد سے بھی کم ہونے اور دن کے اوقات میں سمندر ہوا بند ہونے کے باعث محسوس کی جانے والی اصل درجہ حرارت سے بھی بڑھ گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق نمی کی کمی کی صورت میں تپش کا احساس 4 سے 6 ڈگری ذیادہ محسوس ہو سکتا ہے۔
یو وی انڈیکس پر جلد کو نقصان پہنچانے والی الٹرا وائلٹ شعاعیں بھی 11 کے خطرناک درجے تک جا پہنچی ہیں جسکے باعث جلدی امرض بھی تیزی سے پھیلنےلگی ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ ریش، اسکن الرجی، گرمی دانے اور فنگل انفیکشن کے مریضوں کا رش لگ گیا ہے۔
میڈٰیا رپورٹس کے مطابق جناح اسپتال اور سول اسپتال میں جلدی امراض کے یومیہ 600 سے زائد مریضوں رپورٹ ہو رہے ہیں۔ جبکہ اسکن اسپتال صدر میں آنے والے مریضوں کی یومیہ تعداد 5 ہزار تک جا پہنچی ہے۔ طبی ماہرین نے جلدی امراض کی صورت میں سیلف میڈیکیشن سے گریز کرنے کی ہدایت کرتےہوئے صفائی ستھرائی کا خیال رکھنے اور مرض سے بچاؤ کے لیے جسم کو خشک اور ٹھنڈا رکھنے کامشورہ دیا ہے ۔
موسم کی شدت سے محفوظ رہنے کے لئے ماہرین نے بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے ، ہلکے رنگوں کے ڈھیلے لباس پہننے ، زیادہ سے زیادہ جسم کو ڈھانپ کر رکھنے ، پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا ذیادہ سے ذیادہ استعمال ، ریشز سے بچنے کے لئے پسینہ آنے کے بعد جلدِ فوراً صاف کرنے، خارش، دانے اور انفیکشن کی صورت میں ماہر امراض جلد سے رجوع کرنےکا مشورہ دیاہے ۔