Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

پاکستان میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس: رنگوں اور نشانات کی پہچان

سڑکوں پر چلتی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس مختلف رنگوں اور ڈیزائنز کی ہوتی ہیں، جو ان کی شناخت، استعمال اور قانونی حیثیت کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرتی ہیں۔ ہر صوبے اور مخصوص ادارے کی گاڑیوں کے لیے مختلف رنگ اور نشانات مختص کیے گئے ہیں۔

 

وائیٹ نمبر پلیٹ: گھریلو استعمال کی گاڑیاں

پاکستان میں سوائے گلگت بلتستان اگر کسی گاڑی کی نمبر پلیٹ سفید رنگ کی ہو اور اس پر سیاہ رنگ سے نمبر درج ہو، تو یہ ڈومیسٹک یعنی گھریلو استعمال کے لیے رجسٹرڈ گاڑی ہے۔ تاہم، ہر صوبے میں ان پلیٹوں کا ڈیزائن مختلف ہوتا ہے:

  • اسلام آباد: پلیٹ کے نیچے ICT Islamabad درج ہوتا ہے، جبکہ بائیں جانب ہلکے نیلے رنگ کی پٹی میں شاہ فیصل مسجد کی تصویر ہوتی ہے۔
  • پنجاب: نمبر پلیٹ کے دائیں جانب سبز رنگ کی اسٹرپ پر Punjab لکھا ہوتا ہے، اور اس پر پنجاب کا مونوگرام بھی بنا ہوتا ہے۔
  • سندھ: نمبر پلیٹ کے اوپر سندھ کی روایتی اجرک کا پرنٹ ہوتا ہے، درمیان میں مزار قائد کی تصویر اور نیچے Sindh لکھا ہوتا ہے۔ 2025 سے پہلے سندھ کی گھریلو گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پیلے رنگ کی ہوتی تھی۔
  • بلوچستان: نمبر پلیٹ کے اوپر Balochistan لکھا ہوتا ہے، نیچے شہر کا نام اور درمیان میں بلوچستان کا سرکاری مونوگرام ہوتا ہے۔
  • خیبر پختونخوا: بلوچستان کی طرح یہاں بھی نمبر پلیٹ کے اوپر Khyber Pakhtunkhwa، نیچے شہر کا نام اور درمیان میں صوبے کا لوگو ہوتا ہے۔
  • آزاد کشمیر: نمبر پلیٹ کے اوپر AJ & K لکھا ہوتا ہے، نیچے شہر کا نام اور بائیں جانب چنار کا پتہ پرنٹ ہوتا ہے۔
  • گلگت بلتستان: اس علاقے میں ڈومیسٹک گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کالی ہوتی ہے، جس پر سفید رنگ میں نمبر درج ہوتا ہے۔ بائیں جانب نیلی پٹی میں GB لکھا ہوتا ہے اور مارخور کی تصویر بنی ہوتی ہے۔

سبز نمبر پلیٹ: سرکاری گاڑیاں

اگر کسی گاڑی کی نمبر پلیٹ سبز رنگ کی ہو، تو یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ یہ گاڑی حکومت کی ملکیت ہے اور سرکاری امور کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

سرخ نمبر پلیٹ: غیر ملکی سفارت کاروں کی گاڑیاں

پاکستان میں غیر ملکی سفارت کاروں (ڈپلومیٹس) کی گاڑیوں کے لیے سرخ رنگ کی نمبر پلیٹ مخصوص کی گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ یہ گاڑیاں کسی غیر ملکی سفارت خانے یا قونصلیٹ کے استعمال میں ہیں۔

نیلی نمبر پلیٹ: نیم سرکاری اور این جی اوز کی گاڑیاں

نیم سرکاری ادارے اور غیر سرکاری تنظیمیں (این جی اوز) جو پاکستان میں رجسٹرڈ ہیں، ان کی گاڑیوں کو ہلکی نیلی رنگ کی نمبر پلیٹ دی جاتی ہے۔

کالی نمبر پلیٹ: مسلح افواج کی گاڑیاں

اگر آپ کسی گاڑی کی نمبر پلیٹ کالی دیکھیں اور اس پر تیر کا نشان بنا ہو، تو یہ پاکستان کی مسلح افواج کے زیر استعمال گاڑی ہے۔ یہ پلیٹ فوجی گاڑیوں کی خصوصی شناخت کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

پاکستان میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس مختلف رنگوں اور ڈیزائنز میں آتی ہیں، جو نہ صرف گاڑی کی قانونی حیثیت کو ظاہر کرتی ہیں بلکہ اس کے استعمال، مالکیت اور علاقے کی پہچان میں بھی مدد دیتی ہیں۔ آئندہ جب بھی آپ سڑک پر کسی مخصوص رنگ کی نمبر پلیٹ دیکھیں، تو بآسانی اندازہ لگا سکتے ہیں کہ یہ گاڑی کس زمرے میں آتی ہے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts