سنہ 2016 میں اسلام آباد کے ایک بازار میں چائے بناتے ہوئے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے شہرت پانے والے ارشد خان کی پاکستانی شہریت پر سوال اٹھ گئے ہیں۔ نادرا نے نامکمل دستاویزات کی بنیاد پر ارشد خان کا شناختی کارڈ بلاک کر دیا
میڈیا رپورٹس کے مطابق ارشد خان کو چند روز قبل پاسپورٹ کی تجدید کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کے دوران شناختی کارڈ بلاک ہونے کا علم ہوا ۔ارشد خان کے مطابق انہیں اس سے پہلے کوئی نوٹس بھی موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے اس عمل کو بدنیتی اور اپنے خلاف سازش قرار دیا ۔
ارشد خان کا کہنا ہے کہ اسکے خلاف نہ کوئی کیس ہے، نہ اسکا کسی سے تنازع ہے وہ پاکستانی شہری ہے جسکی پیدائش اسلام آباد میں ہوئی اور اسکے والد کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔شناختی کارڈ کی منسوخی کے بعد ارشد خان نے لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ سے رجوع کیا ہے۔
اردو نیوز کے مطابق نادرا کے ترجمان سید شباہت علی کا کہنا ہے کہ ارشد خان کا قومی شناختی کارڈ پہلی بار 2018 میں ضبط کیا گیا تھا۔اس وقت ان کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد شبہ پیدا ہوا تھا کہ انہوں نے اور ان کے خاندان نے نامکمل دستاویزات کی بنیاد پر قومی شناختی کارڈ حاصل کیا ہے اور وہ ممکنہ طور پر غیر ملکی شہری ہیں۔