Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

جعل سازی سے اکاونٹ سے رقم نکالے جانے کے واقعات سے کیسے بچیں

حکومت ملک کے تمام بینک اکاونٹ ہولڈرکی تصدیق کر رہی ہے جسکے لئے آپ سے کچھ معلومات درکار ہیں، معلومات فراہم نہ کرنے والے صارفین کے بینک اکاونٹ فوری طور پرمنجمد کر دئے جائیں گے۔

 

آپ نے کبھی نہ کبھی ایسی کال ضرور ریسیو کی ہوگی اس فون کے بعد آپ کا رد عمل کیا تھا ، اگر آپ نے انکو مطلوبہ معلومات فراہم کی ہوں گی تو آپ آج تک پچھتارہے ہوں گے۔ جی ہاں یہ کال ایک جعل ساز کی تھی جس نے دھوکے سے آپ کے اکاونٹ سے متعلق ضروری معلومات حاصل کر کے آپ کو اپ کی رقم سے محروم کر دیا اور آپ نادانی میں ہاتھ ملتے رہ گئے ۔اگر آئیندہ بھی آپ یا کوئی اور بطور بینک صارف اپنے کریڈٹ یا اے ٹی ایم کارڈز کا استعمال کرتے ہوئے احتیاط نہیں کرے گا تووہ کسی بھی مالی فراڈ کا شکار ہوسکتا ہے۔

 

وفاقی بینکنگ محتسب سراج الدین  کےمطابق سال 2024 میں بینکنگ فراڈ کے 27 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے جس میں زیادہ تر اے ٹی ایمز سے متعلق تھے۔ سراج الدین کا کہنا ہے کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ کسی صارف کے کچھ کیے بغیر اس کے اکاؤنٹ سے رقم نکال لی جائے۔

 

صارف کو بینکنگ فراڈ سے بچنے کیلیے چند احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہونگی اول تو یہ کہ کسی جعلی کال کے جھانسے میں نہ  آئیں اور دوسری یہ کہ اپنے  اکاؤنٹ یا اپنی ذاتی معلومات فراہم نہ کریں۔ بینک کا اپنا سیکورٹی نظام بہت محفوظ ہے لیکن جب کوئی صارف اپنی معلومات یا او ٹی پی  یعنی ون ٹائم پاس ورڈ کسی کو بتا دیتا ہے تو سیکنڈوں میں رقم ٹرانسفر کرلی جاتی ہے۔

 

اگر کسی صارف کو کوئی ایسی کال موصول ہوجس میں پلس کا نشان ہو یا دو صفر شامل ہوں تو ایسی انجان کال ہرگز ریسیو بالکل نہ کریں۔ اس طرح کا فراڈ کرنے والے بہت زیادہ تحمل اور مخلص ہونے کا ڈرامہ کرتے ہیں اور اگر بات نہ بنےتو دھمکی آمیز لہجے میں بات کرتے ہیں۔ اور خود کو کسی ادارے یا لاء انفورسمنٹ ایجنسی کا نمائندہ ظاہر کرتے ہیں۔ مگر آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔

 

صارفین اس بات کو ذہن نشین کرلیں کہ کسی بھی بینک کا نمائندہ آؤٹ باؤنڈ کال نہیں کرسکتا، لہٰذا کوئی بھی ایسی کوئی کال رجسٹرڈ نمبرسے بھی آئے تو اس کو کوئی جواب ہی نہ دیں۔ اور اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی کو محفوظ بنائیں

Share this news
Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts