زیادتی یا بغیر شادی کے پیدا ہونے والے بچوں کی کفالت کون کرے گا ، لاہور ہائی کورٹ نے 5 سالہ بچی کے خرچے کے دعوے سے متعلق کیس میں نیا قانونی نقطہ طے کردیا،فیصلے کے مطابق ریپ یعنی خاتون کے ساتھ زیادتی یا شادی کے بغیر پیدا ہونے والے بچوں کی کفالت کرنا بائیولوجیکل والد کی ذمے داری ہے۔
فیصلے میں کہا کہ انصاف اور برابری کا تقاضا یہ ہےکہ اگر بچی کا بائیولوجیکل والد ثابت ہوجائےتو وہ اس کے اخراجات کا پابند ہے۔ جو بچی کے پیدا ہونے کا ذمے دار ہے وہی اس کے اخراجات کا ذمے دار بھی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دئے کہ یہ بچے کے خرچے کا کوئی معمولی کیس نہیں ہے۔جائز بچے اوربائیولوجیکل بچے کی ٹرم میں بہت فرق ہے۔ ایک بائیولوجیکل بچہ شادی کے بغیر یا شادی کے ذریعے پیدا ہوسکتا ہے۔ جائز بچہ قانونی شادی کے نتیجے میں پیدا ہوتا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایک جائز بچے کے خرچے کے لیے دعویٰ دائر ہو تو مسلم قوانین کے مطابق ٹرائل کورٹ کو عبوری خرچہ لگانے کا اختیار ہوتا ہے۔ جب ایک خاتون بائیولوجیکل بچے کے خرچے کےلیے دعویٰ دائر کرے اور والد تسلیم کرنے سے انکار کرے کہ بچہ اس کا نہیں ہے تو پھر کہانی مختلف ہوتی ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق بائیولوجیکل بچے کی ولدیت ثابت کرنا خاتون کی ذمے داری ہے۔ اسلام میں بچے کی حیثیت جاننے کے لیے متعدد طریقہ کار موجود ہیں۔ بچے کے خرچے سے متعلق دعوے کا فیصلہ کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ بچے کی قانونی بائیولوجیکل حیثیت دیکھی جائے ۔
فیصلے میں کہا گیا کہ اگر بچے کی ولدیت کا معاملہ ہی شکوک و شبہات کا شکار ہے تو عدالت کو خرچے کا فیصلہ کرنے سے پہلے یہ معاملہ طے کرنا چاہیے۔ بچے کی قانونی حیثیت طے کیے بغیر خرچہ مقرر کرنا غیر شفافیت ہے۔عدالتی فیصلے میں قرآنی آیات،احادیث اور شریعت کورٹ کے فیصلوں کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔ ویسٹ پاکستان فیملی ایکٹ 1964 شادی اور دیگر فیملی معاملات سے نمٹنے کے لیے بنایا گیا۔فیملی قوانین میں کہیں بھی جائز یاناجائز بچے کا ذکر نہیں ہے۔ بنگلا دیش کے قانونی سسٹم میں ریپ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بچوں کو حقوق دیے گیے ہیں۔