سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام اور عوامی شکایات کے فوری حل کے لیے اسمارٹ کمپلینٹ ریڈریسل میکانزم متعارف کرایا ہے۔ یہ جدید نظام مختلف ذرائع سے شکایات درج کرنے اور ان کا مؤثر حل فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہاں ہم آپ کو اس میکانزم کے استعمال کا ایک مرحلہ وار گائیڈ فراہم کر رہے ہیں۔
شکایت درج کرنے کے ذرائع
شہری اپنی شکایات درج کرانے کے لیے درج ذیل چینلز کا استعمال کر سکتے ہیں:
ایس بی سی اے کی ویب سائٹ: www.sbca.gos.pk پر جائیں اور شکایت فارم پُر کریں۔
موبائل ایپ: سمارٹ ایس بی سی اے ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور اپنی شکایت درج کریں۔
UAN نمبر: (111-007-222) پر کال کر کے اپنی شکایت درج کرائیں۔
واک ان کمپلینٹ سینٹر: قریبی ایس بی سی اے دفتر جائیں اور اپنی شکایت درج کریں۔
شکایت کی وصولی اور جانچ
شہری کی درج کردہ شکایت کو SCRM پورٹل پر رجسٹر کیا جائے گا۔
شکایت ایک دن کے اندر متعلقہ ڈائریکٹر کو الیکٹرانک طور پر بھیج دی جائے گی۔
شکایت کی ابتدائی جانچ کے لیے ویجیلنس سیکشن کے فیلڈ اسٹاف کو ارسال کیا جائے گا۔
فیلڈ اسٹاف تین دن کے اندر موقع پر جا کر شکایت میں بیان کردہ غیر قانونی تعمیرات کی حیثیت کی تصدیق کرے گا۔
شکایت کے جائزے اور کارروائی کا آغاز
اگر تعمیرات منظور شدہ بلڈنگ پلان کے مطابق ہوں تو شکایت کنندہ کو مطلع کیا جائے گا۔
اگر تعمیرات غیر قانونی ہوں تو سندھ بلڈنگ کنٹرول آرڈیننس 1979ء کے سیکشن 7-A کے تحت مالک پلاٹ/بلڈر یا ڈویلپر کو سات دن کے اندر شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔
جاری کردہ نوٹس کا جواب شکایت کنندہ کو بھی فراہم کیا جائے گا۔
معاملہ سات دنوں کے اندر سماعت کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
سماعت اور فیصلہ
سماعت میں شکایت کنندہ، پلاٹ مالک، بلڈر اور دیگر فریقین شامل ہوں گے۔
PSA&C سیکشن بلڈر اور ڈیولپر کے خلاف 14 دنوں میں شکایت کا فیصلہ کرے گا۔
فیصلے سے دونوں فریقین کو مطلع کیا جائے گا۔
اگر کسی فریق کو اعتراض ہو تو وہ SBCO 1979ء کے سیکشن 16 کے تحت 30 دنوں میں اپیل دائر کر سکتا ہے۔
عمل درآمد اور تادیبی کارروائی
متعلقہ ضلع ڈائریکٹر اپیلیٹ اتھارٹی کے فیصلے پر 4 ہفتوں میں عمل درآمد کروائے گا۔
اگر عمارت پہلے ہی زیر قبضہ ہو تو 8 ہفتوں میں کارروائی مکمل کی جائے گی۔
شکایات کے حل میں تاخیر یا سست روی پر متعلقہ افسران و اہلکاروں کے خلاف E&D قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
اضافی اقدامات اور نگرانی
تمام ڈسٹرکٹ ڈائریکٹرز اور متعلقہ شعبے ہر 15 دن میں جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔
ڈائریکٹر جنرل SBCA کو ماہانہ رپورٹ پیش کی جائے گی۔
شکایات کی تیز تر کارروائی کے لیے فوکل پرسن نامزد کیا جائے گا اور انہیں IT ڈپارٹمنٹ کے ذریعے تربیت دی جائے گی۔