عید الفطر پر کرارے نوٹوں کی عیدی کے بغیر عید کی خوشیاں ادھوری ادھوری محسوس ہو تی ہیں یہی وجہ ہے کہ عید پر نئے نوٹوں کی مانگ میں اضافہ ہو جاتاہے۔جیسے جیسے عید الفطر 2025 قریب آرہی ہے، پاکستانی شہری عیدی تقسیم کرنے کی روایت کے لیے نئے کرنسی نوٹ اکٹھا کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔
اسٹیٹ بینک ہر سال عوام کی خوشیوں کو دوبالا کرنے اور خوبصوت روایت کو برقرار رکھنے کے لئے نئے نوٹوں کا اجراء کر تا ہے ۔لیکن اسکے باوجود نئے نوٹوں کا حصول اکثر شہریوں کے لیے ایک چیلنج رہتا ہے۔
عوام کی سہولت کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان رواں برس بھی ملک بھر میں 17000 کمرشل بینکوں کی برانچوں میں 27 ارب روپے کے نئے نوٹ تقسیم کیے ہیں۔ ابھی تک مرکزی بینک کی جانب سے نوٹوں کی تقسیم کے لیے کوئی خاص نظام متعارف نہیں کرایا گیا، تاہم 24 مارچ سے شہری اپنے شناختی کارڈ کے ساتھ اپنے متعلقہ بینکوں میں جا کر پہلے آئیے پہلے پائیےکی بنیاد پر نئے کرنسی نوٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے آسانی سے تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے کیش مانیٹرنگ ٹیمیں تعینات کر دی ہیں، جبکہ اے ٹی ایم بھی تہوار کے دوران صاف اور معیاری نوٹ فراہم کریں گے۔
متبادل طور پر، نئے نوٹ منی ایکسچینج سے بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں، کراچی کے رہائشی علاقے نرسری، صدر اور بولٹن مارکیٹس میں غیر قانونی منی ایکسچینج پر اضافی رقم کے عیوض نئے نوٹ فروخت کئے جاتے ہیں ۔تاہم اسٹیٹ بینک نے اوپن مارکیٹ سے نئے نوٹ خریدنے والوں کے خلاف خبردار کرتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی فراڈ سے بچنے کے لئے نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے لیے جائز ذرائع پر عمل کریں۔