صدر پاکستان پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر تعزیت کے لیے لزبن پہنچ گئے

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کے انتقال پر تعزیت کے لیے پیر کو پرتگال کے دارالحکومت لزبن پہنچ گئے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق صدر آصف علی زرداری لزبن میں اسماعیلی برادری کے نئے پیشوا شہزادہ رحیم آغا خان سے ملاقات میں شہزادہ کریم آغا خان چہارم کے انتقال پر تعزیت پیش کریں گے۔ پاکستانی صدر اپنے دورے کے دوران پرتگالی ہم منصب مارسیلو ریبیلو ڈی سوزا سے بھی ملاقات کریں گے۔

یاد رہے کہ کریم آغا خان چہارم چار فروری 2025 کو 89 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ ہفتے کو لزبن میں اسماعیلی کمیونٹی سینٹر میں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں تھی جس میں کینیڈا کے وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو، ہسپانیہ کے سابق بادشاہ خوان کارلوس، پرتگال کے صدر مارسلو ریبیلو ڈی سوزا اور پاکستان کے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سمیت کئی عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔ کریم آغا خان کو اتوار کو مصر کے شہر اسوان میں ایک نجی تقریب میں سپردِ خاک کیا گیا۔

اس سے قبل لزبن جاتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے ترکی میں مختصر قیام کیا تھا اور صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات کی۔ ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق استنبول ایئر پورٹ پر ترکی کے وزیر خارجہ حاکان فدان نے صدر مملکت کا استقبال کیا جس کے بعد آصف علی زرداری نے صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات کی۔ بیان کے مطابق دونوں ممالک کے صدور نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts