یونان کشتی حادثے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسپکٹر اور سب انسپکٹرز سمیت 13 اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کے ایک انسپکٹر، 2 سب انسپکٹرز، 2 ہیڈ کانسٹیبل اور 8 کانسٹیبلز کو نوکری سے برخاست کیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ کشتی حادثے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحٰق جہانگیر نے گزشتہ ماہ کشتی حادثے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائیوں پر سماعت کی۔ اس موقع پر انہیں آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ سال کے یونان کشتی حادثے میں ملوث ایک انسپکٹر، 2 سب انسپکٹرز، 2 ہیڈ کانسٹیبل اور 8 کانسٹیبلز کو نوکری سے برخاست جبکہ 3 کانسٹیبلز کی ترقی روکنے کے احکامات صادر کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق سزا پانے والے اہلکار فیصل آباد ایئرپورٹ میں تعینات تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی کشتی حادثات میں ملوث 37 اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کیا جا چکا ہے۔ اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحٰق جہانگیر کا کہنا تھا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ایف آئی اے اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 16 دسمبر کو جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹ گئی تھی جس میں متعدد تارکین وطن سمیت 40 پاکستانیوں کی موت ہوگئی تھی۔