پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 81 رنز سے میدان مار لیا اور تین ون ڈے میچز کی سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔ دھواں دھار بیٹنگ پر کامران غلام میچ کے ہیرو رہے۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کی دعوت پر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی۔ قومی ٹیم آخری اوور میں ایک گیند قبل 329 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کامران غلام نے صرف 32 گیندوں پر 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
کپتان محمدرضوان نے 80 اور بابراعظم نے 73 رنز کی اننگز کھیلیں۔ سلمان علی آغا نے 33، صائم ایوب نے 25، شاہین شاہ آفریدی نے 16 اور عرفان خان نے 15 رنز بنائے۔ حارث رؤف 6 اور ابراراحمد 4 رنز بناسکے۔ عبداللہ شفیق صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 43.1 اوورز میں 248 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔ میزبان ٹیم کے ہینرخ کلاسن 97 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، نسیم شاہ نے 3 اور ابراراحمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سلمان علی آغا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔