کراچی: پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے زیر اہتمام گلشن اقبال کی جامع مسجد تقوی میں گزشتہ روز آل پاکستان مقابلہ حسن قرأت کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ جس میں ملک بھر سے ممتاز قراء نے شرکت کی۔ اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ قراء بھی موجود تھے۔جنہوں نے اپنے خوبصورت انداز میں قرآن مجید کی تلاوت سے محفل کو روحانیت سے معطر کیا۔
مقابلہ حسن قرأت کا فائنل 20 قراء کے درمیان ہوا، جنہوں نے اپنی تلاوت سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ اس مقابلے کا مقصد نوجوانوں میں قرآن کی محبت کو اجاگر کرنا تھا اور مرکزی مسلم لیگ کا عزم ہے کہ اس طرح کے مقابلے سالانہ بنیادوں پر منعقد کیے جائیں گے تاکہ قرآن کی تلاوت کے فروغ میں مزید اضافہ ہو سکے۔مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو نقد انعامات سے نوازا گیا۔ پہلی پوزیشن حافظ محمد معاذ الرحمن نے حاصل کی، دوسری پوزیشن طلحہ احمد کے حصے میں آئی، جبکہ تیسری پوزیشن سعود الشرین نے حاصل کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کہاہماری کوشش ہے کہ نوجوان نسل قرآن کی تلاوت اور اس کے پیغام سے جڑ کر اپنی زندگیوں کو بہتر بنائے۔ قرآن و حدیث میں ہمارے تمام مسائل کا حل موجود ہے اور مرکزی مسلم لیگ اسلامی اور فلاحی پاکستان کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔
جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے مدیر و رکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی یوسف کشمیری نے اپنے خطاب میں کہاآج کے پر فتن دور میں وہ لوگ خوش قسمت ہیں جو قرآن کا دیا جلانے کی کوشش کرتے ہیں۔ قرآن سینوں کے زنگ کو اتار دیتا ہے، اور یہی ہمارے لیے روحانیت کا سرچشمہ ہے۔
مقابلہ حس قرآت کے موقع پرحمدباری تعالی اورنعت رسول مقبول کے مقابلوں کا بھی اعلان کیا گیا۔ مرکزی مسلم لیگ نے ان مقابلوں کو سالانہ بنیادوں پر جاری رکھنے کا عہد کیا، تاکہ دین اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اجاگر کیا جا سکے اور نوجوان نسل کو ان سے روشناس کرایا جا سکے۔
مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدراحمدندیم اعوان نے کہاکہ یہ پروگرام نہ صرف قراء کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بنے بلکہ قرآن کی تلاوت کے فروغ کی ایک اہم کوشش ثابت ہوا۔مرکزی مسلم لیگ ایسے مقابلوں کا انعقاد جاری رکھے گی تاکہ نوجوانوں کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کروا سکیں۔