Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

مسخروں کے سرکس کے باوجودم، پیپلزپارٹی کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے خلاف ہے، وزیراعلیٰ سندھ 

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ایک مخصوص جماعت کا احتجاج مسخروں کا سرکس تھا، اس کے باوجود پاکستان پیپلزپارٹی کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کرنے کی مخالف ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی شخص کی احتجاج کے ذریعے رہائی کا مطالبہ بنیادی طور پر غلط ہے۔
مقامی ہوٹل میں کانفرنس سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ  کسی بھی شخص کی رہائی کا مطالبہ بنیادی طور پر گمراہ کن تھا۔ کسی کی بھی رہائی عدالتوں سے ہی ممکن ہے۔ خیرپختونخوا میں گورنر راج لگانا آسان نہیں ہوگا۔ پی ٹی آئی حکومت میں سندھ میں بھی گورنر راج کی باتیں ہوتی رہی ہیں۔

مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس سے متعلق سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہاکہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ایک آئینی تقاضہ ہے، نو ماہ سے اجلاس نہیں ہوا، یہ صرف ہمارا ہی مسئلہ نہیں، پورے ملک کا ایشو ہے۔ مشترکہ مفادات کونسل اجلاس کے بغیر پانی کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔ اس وقت کوئی کینال تعمیر نہیں ہو رہا۔ ہم سندھ کے حصے کا ایک قطرہ بھی کسی کو نہیں دیں گے۔ ہم نہ اپنے حق پر کسی کو ڈاکا مارنے دیں گے نہ کسی دوسرے کا حق ماریں گے۔

وزیراعلٰی سندھ نے یاد دلایا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پانی کے مسئلے پر احتجاج کیا ہے۔ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے خلاف شہید محترمہ بےنظیر بھٹو نے کموں شہید پر دھرنا دیا تھا۔جو اس وقت شور کر رہے ہیں وہ کالاباغ ڈیم کے خلاف بحث کے دوروان اپنی سیٹیں چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتوں نے جے یو آئی ف کی کانفرنس میں صرف اس لیے شرکت نہیں کی کہ پیپلزپارٹی شرکت کر رہی ہے۔ اس کا مطلب ان کا مسئلہ صرف پیپلزپارٹی کے ساتھ ہے، مگر ہم کسی بھی فورم پر سندھ کے حقوق کےلیے بات کرنے سے نہیں ڈرتے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بارھویں سالانہ پی اے سی وی ٹی ایس سائیٹیفک کانفرنس 2024 سے خطاب کرتے ہوئے تسلیم کیا ہے کہ امراض قلب کی شرح بہت زیادہ ہوگئی ہے جو پاکستان سمیت دنیا بھر میں موت کی بڑی وجہ ہیں۔ انہوں نے اس چیلنج سے نمٹنے کےلیے دن رات کام کرنے والے میڈیکل پروفیشنلز کی کاوشوں کو سراہا۔

کانفرنس کا انعقاد ایس آئی سی وی ڈی سکھر کی طرف سے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی پروفیسر طاہر صغیر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس آئی سی وی ڈی پروفیسر جاوید اکبر سیال، صدر پی اے سی وی ٹی ایس ڈاکٹر حسنات شریف اور پی اے سی وی ٹی ایس کے کنوینر ڈاکٹر علی رضا منگی نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے امراض قلب اور چھاتی کی بیماریوں سے نمٹنے میں پیش رفت کےلیے پلیٹ فارم کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا اور پاکستان اور بیرون ملک ماہرین امراض قلب اور سرجنز کی موجودگی کی نشاندہی کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے حکومت سندھ کی طرف سے صحت کی سہولیات خاص طور پر امراض قلب کے علاج کی سہولیات کے عزم کی تعریف کی۔ این آئی سی وی ڈی کراچی اور ایس آئی سی وی ڈی کےلیے حکومتی امداد کا ذکر کیا جس سے امراض قلب کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ان دو اداروں نے گذشتہ سال ساڑھے 4 ہزار اوپن ہارٹ سرجریاں اور چھوٹے بڑے آپریشن کیے۔

سید مراد علی شاہ نے آئندہ نسلوں کے صحت مند مستقبل کی خاطر امراض قلب پر قابو پانے کےلیے قومی پروگرام کی تشکیل پر زور دیا۔ مراد علی شاہ نے سائیٹیفک کانفرنس کے انعاد پر ڈاکٹر علی رضا منگی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ کانفرنس علم کے تبادلے، تحقیقی شراکت داری اور ایجادات کےلیے پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ مراد علی شاہ نے امراض قلب پر قابو پانے کےلیے اقدامات کی غیر مشروط حمایت کا یقین دلایا۔ آخر میں مراد علی شاہ نے کانفرنس کی کامیابی اور وفود کے کراچی میں خوشگوار قیام کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب مل کر ان چیلنجز کا مقابلہ کرسکتے ہیں اور اپنے عوام کےلیے صحت مند مستقبل تشکیل دے سکتے ہیں۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts