پاکستان کے نامور یوٹیوبر نادر علی نے اداکارہ اور ماڈل سنیتا مارشل سے پوڈکاسٹ انٹرویو میں مذہب تبدیل کرنے سے متعلق پوچھے گئے سوالات پر معذرت کرلی ہے۔
نادر علی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر معافی نامہ جاری کیا ۔ نادرعلی نے پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے سنیتا مارشل اور اپنے مداحوں سے معذرت کی۔
نادر علی نے سنیتا مارشل کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ میں پیغام لکھا کہ سنیتا مارشل کے ساتھ پوڈکاسٹ انٹرویو کے دوران انکا ارادہ سنیتا مارشل یا کسی بھی دل آزاری کرنے کا نہیں تھا۔ یہ بس انکی دلچسپی تھی وہ سنیتا مارشل کے اسلام قبول کرنے کے ارادے سے متعلق جاننا چاہتے تھے۔
نادر علی نے مزید لکھا کہ مذہب ایک ذاتی انتخاب ہے اور وہ تمام مذاہب کے لوگوں کا احترام کرتے ہیں۔ نادر علی نے لکھا کہ یہ انکی اور باقی 1.9 بلین مسلمانوں کی خواہش ہے کہ باقی مذاہب کے افراد اسلام کی جانب آئیں لیکن اپنی مرضی کے ساتھ آئیں۔
View this post on Instagram
نادرعلی نے اپنے پیغام کے آخر میں لکھا کہ انکے کسی الفاظ سے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے تو وہ اس پر معذرت چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ معروف ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل سے مذہب تبدیلی سے متعلق سوال پوچھنے اور اُنہیں ہدایت ملنے کی دعا دینے پر میزبان نادر علی کو سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
نادر علی نے اپنی پوڈ کاسٹ کے دوران ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل سے مذہب تبدیل کرنے سے متعلق سوال پوچھا تھا۔ جس کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا تھا کہ میرا اسلام قبول کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے۔ جس پر نادر علی نے کہا تھا کہ اللہ آپکو ہدایت دے۔
نادر علی کے سوالات اور ردعمل پر تنقید کے بعد سنیتا مارشل نے سوشل میڈیا پیغام میں لوگوں سے نادر علی کو مزید ہراساں نہ کرنے کا پیغام دیا تھا۔