سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان بھر میں آج یوم تقدس قرآن منایا جارہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوم سے بھرپور احتجاج ریکارڈ کرانے کی اپیل کی تھی۔
سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے شرمناک عمل کے خلاف اُمت مسلمہ کا شدید احتجاج جاری ہے، پاکستان میں بھی آج "یومِ تقدس قرآن” منایا جارہا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے پوری قوم سے بھرپور طریقے سے شرکت کرنے کی اپیل کی گئی ہے، نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں پرامن احتجاجی جلوس نکالے جارہے ہیں جن میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔
پرامن احتجاجی ریلیوں میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی بھرپور مذمت کی گئی اور مختلف مکاتب فکر کے علماء جمعہ کے خطبات کے دوران قرآن کریم کے تقدس پر روشنی ڈالی
گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں واقعے کے خلاف مذمتی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی، قرارداد کے متن میں کہا گیا تھا کہ ایوان سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئےعالمی برادری کی توجہ چاہتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا قرآن پاک اور نبیﷺکی شان میں گستاخی برداشت نہیں، تحمل کامطلب یہ نہیں کہ ہمیں جواب دینا نہیں آتا، آئندہ ایسی حرکت ہوئی توکوئی ہم سےگلہ نہ کرے۔