وفاقی حکومت نے 25 مئی کو یوم تکریم شہداء کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔ تاہم حکومت کی جانب سے چھٹی کا باقاعدہ کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے بھی شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 25 مئی کو حکومتی سطح پر یوم تکریم شہداء منانے کا فیصلہ کیا اور 25 مئی بروز جمعرات عام تعطیل کا اعلان بھی کردیا ہے۔
عام تعطیل پر تمام نجی اور سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ ملک بھر میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے 25 مئی کو ”یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان “ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مضبوط فوج مملکت کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہوتی ہے۔
تنصیبات پر حملے ناقابل برداشت ہیں، شہداء کی قربانیاں اور غازیوں کی خدمات ہماراقیمتی اثاثہ اور سرمایہِ افتخار ہیں، پاک فوج بطور ادارہ اپنے سے منسلک ہر فرد کو اور اسکے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے اور ہمارا یہ رشتہ بطور خاندان قابلِ فخر اور فقید المثال ہے۔
افواجِ پاکستان کا ہر سپاہی اور آفیسر تمام علاقائی، لسانی، اور سیاسی تعصبات اور امتیازات سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو مقدم رکھتا ہے۔