ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کرگیا، محکمہ موسمیات کی آج بھی تیز بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے شہرقائد میں آج بھی بادل برسنے کی نوید سنادی ہے۔ کراچی میں آج شام یا رات میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔ چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

کراچی میں آج الصبح بھی مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ شہر کے شمالی علاقوں میں درمیانہ درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی بارش ہوئی تو کہیں صرف بوندا باندی ہوئی۔

چیف میٹرولوجیسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج موسم کبھی مکمل تو کبھی جزوی ابر آلود رہے گا۔ بحیرہ عرب میں موجود ہوا کے کم دباؤ کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ جسکے زیر اثر کراچی میں آج تیز بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر کے بعد شہر میں بارش برسانے والے بادلوں کی آمد ہوگی اور شہر میں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

موسم کی تازہ صورتحال کے مطابق اس وقت موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوائیں 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا، دن میں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےہوائیں چلیں گی۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts