کراچی میں عوامی نیشنل پارٹی، ایم کیوایم پاکستان، مسلم لیگ ن، مسلم لیگ فنکشنل، جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کی اور کراچی سمیت صوبہ سندھ اور پاکستان کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایم کیوایم پاکستان کے سینیئر ڈپٹی کنوینئر مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سندھ میں 15 سالوں سے 22 ہزار ارب روپے خرچ کیے لیکن سندھ کو خاک بنا دیا ہے۔ کراچی کا بدترین شہروں میں چوتھا نمبر ہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ بھارت چاند پر جا رہا ہے اور کراچی میں گٹر میں گر کر بچے کررہے ہیں۔ یہاں روازنہ 70 سے 80 کیسز کتے کے کاٹنے کے ہیں۔ سندھ میں مائیں بہنیں بیٹیاں جہاں سے جانور پانی پیتے ہیں وہاں سے بھر کر لاتی ہیں۔
ایم کیوایم رہنما نے کہا کہ یہ بات پھیلائی گئی ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے علاوہ آپشن نہیں ہے، ہم یہاں بتا رہے ہیں کہ ہم آپشن ہیں، ہم پیپلز پارٹی کی بدانتظامی کے خلاف امید کی کرن ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم جام صادق کے ساتھ کھڑے تھے، 2002 میں بھی ہم کسی نہ کسی شکل میں انکے ساتھ کھڑے تھے۔ سندھ میں ہم ملکر حکومت بنائیں گے۔ ہم نے بہت سے تجربات سے بہت چیزیں سیکھی ہیں، یہ پارٹیاں جوڑ کر بیٹھی ہیں، ہم سندھ میں تمام زبانیں بولنے والوں کو ایک امید دینا چاہتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما بشیر میمن نے کہا کہ کراچی میں پینے کا پانی نہیں آتا ہے، نہانے کا پانی ٹینکروں سے آتا ہے۔ کراچی 73 فیصد ریونیو دیتا ہے۔ ہم کراچی کو لاہور جیسا بنادیں گے۔ ایک شخص نے کہا ہمیں شہباز سپیڈ کی ضرورت ہے۔ کراچی ترقی کرے گا اور پاکستان ترقی کرے گا۔
بشیر میمن نے کہا کہ ساری گندم اسمگل ہوگئی ہے چینی بھی اسمگل ہوگئی، ہماری آبادی بڑھ رہی ہے اور اسکول بند کئے جارہے ہیں۔ ایک جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلایا جارہا ہے۔ سرکاری پیسوں سے پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔
بشیر میمن نے کہ نگران وزیر اعلیٰ انتہائی ایماندار ہیں، ان سے مطالبہ ہے کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کرنی ہے، آپ کی بیورو کریسی مافیا بن گئی ہے لوکل گورنمنٹ کے افسران ان کے جلسوں کے انتظامات کیے ہیں پنجاب کہاں پہنچ گیا ہے ہم کہاں کھڑے ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کے شاہی سید کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک ہی مقصد ہے اور وہ مضبوط پاکستان اور کامیاب سندھ ہے۔ گزشتہ ادوار میں دیہات اور سندھ میں ظلم ہوئے یہ اسی کی کڑی ہے کہ تمام جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر ہیں۔
شاہی سید کا کہنا تھا کہ ہم یہاں پر سسٹم کو ختم کرنا چاہتے ہیں، ہم ایسی سندھ کے عوام کو ایک طاقت دے رہے ہیں، ہم ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر شکوک وشبہات ختم کرنے کے لیے ساتھ بیٹھے ہیں اور آئندہ بھی ساتھ رہیں گے۔
جی ڈی اے کے راشد شاہ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پیر صاحب پگارا نے پیغام دیا ہے کہ پیپلز پارٹی کا سسٹم اور 15 سال سے جو حکومت چلتی آرہی ہےاس کے خلاف جہاد اکبر کا اعلان کرتے ہیں، آج ہم جہاد کا اعلان کرتے ہیں۔
راشد شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام سے وعدہ کرتے ہیں، سندھ نے پاکستان کو سب سے پہلے تسلیم کیا پاکستان میں کرپشن کے خلاف سندھ سے آغاز ہوگا، ہم اب بھی مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں اور ہم مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے جو بھی کرپٹ مافیا تھے ان کے سسٹم کو برباد کریں گے۔
جے یو آئی کے قاری محمد عثمان کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں یہی اتحاد عوام کی نمائندگی کرے گا، آج ہم ایک ہیں اتحاد کا مظاہرہ ہم کر چکے ہیں۔ اب سیاسی دور شروع ہوچکا ہے اب آپ کو ہمارے کیے مراکز فعال نظر آئے گے۔