کراچی کے معروف تفریحی مقام ہاکس بے ساحل پر نہاتے ہوئے 4 نوجوان سمندر میں ڈوب گئے ہیں۔ ایک کی لاش نکال لی گئی جبکہ ریسکیو حکام باقی 3 نوجوانوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران 6 نوجوان سمندر میں ڈوب چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہاکس بے کے ٹرٹل بیچ پر آج صبح 4 نوجوان سمندر میں نہاتے ہوئے تیز لہروں کی ذد میں آگئےاور سمندر میں ڈوب گئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ ڈوبنے والے 4 نوجوانوں میں سے ایک نوجوان کی لاش نکال لی گئی ہے، جس کی شناخت 25 سالہ نہال کے نام سے ہوئی ہے۔ تین کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق گزشتہ روز پکنک پر آئے دو نوجوان بھی ڈوب گئے تھے، جن کی لاشیں آج نکال لی گئی ہیں۔جن کی شناخت 15 سالہ معمون اور 16 سالہ محسن کے نام سے ہوئی ہے جو نارتھ کراچی کے رہائشی ہیں، ريسکيو ٹيموں نے دونوں نوجوانوں کی لاشیں نکال کر سول اسپتال منتقل کردی ہیں۔
دوسری جانب اتنے بڑے حادثات کے باوجود ہاکس بے پر پکنک منانے جانے والوں کا رش لگا ہوا ہے اور ماڑی پور روڈ سے ہاکس بے روڈ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں، جس کے بعد ٹریفک پولیس نے بسوں کو واپس کرنا شروع کردیا ہے۔
واضح رہے موسلا دھار بارشوں اور سمندر میں طغیانی کے باعث حکومت کی جانب سے پہلے ہی سمندر میں نہانے پر پابندی عائد ہے۔ لیکن پابندی کے باوجود شہری بڑی تعداد میں سمندر پہنچ رہے ہیں۔