گھروں میں موجود کیڑے مکوڑے خاصی پریشانی کا باعث بنتے ہیں اور خاص طور پر کچن میں موجود چیونٹیاں گھروں میں موجود خواتین کیلئے اکثر درد سر بن جاتی ہیں اور اکثر اوقات چیونٹیوں کا کاٹنا انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے۔
گھروں میں چیونٹیوں کا مسئلہ زیادہ تر موسم گرما میں درپیش ہوتا ہے اور شہری ان چیونٹیوں کے خاتمے کیلئے مہنگے اسپرے اور ادویات استعمال کرتے ہیں۔
گھروں میں موجود ان چیونٹیاں سے گھر میں ہی موجود چند معمولی چیزوں سے قابو پایا جاسکتا ہے اور ان چیونٹیوں کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔
سرکہ
چیونٹیوں کے خاتمے کیلئے سرکہ انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔ پانی اور سفید سرکے کی یکساں مقدار کو ایک اسپرے بوتل میں ملائیں، پھر اس کو ان حصوں پر چھڑکیں جہاں آپ نے چیونٹیوں کو بہت زیادہ دیکھا ہو۔ چیونٹی کو سرکے کی مہک سے نفرت ہوتی ہے تو وہ گھر سے نکل جاتی ہیں۔
دار چینی
دارچینی کا استعمال بھی چیونٹیوں کے خاتمے کیلئے کیا جاسکتا ہے۔ دارچینی کی خوشبو کھانوں کو ذائقہ ضرور بخشتی ہے لیکن چینوٹیوں کو یہ خاصا ناپسند ہوتی ہے۔
دارچینی اور لونگوں کو گھر کے داخلی دروازے اور ایسے حصوں میں ڈال دیں جہاں سے چیونٹیاں اندر آسکتی ہوں۔ مانا جاتا ہے کہ دارچینی کیڑوں کو دور رکھنے میں مدد دینے والا مصالحہ ہے اور چیونٹیاں اس کی مہک کو برداشت نہیں کرپاتیں۔
آٹا
اسی طرح آٹا بھی چیونٹیوں کو بھگانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اپنے کچن کی الماریوں اور گھر میں جہاں بھی چیونٹیاں نظر آتی ہیں وہاں آٹے کی کچھ مقدار کو ایک لائن کی شکل میں چھڑک دیں۔ آٹے سے دور بھاگنے والی چیونٹیاں اس لائن کو عبور نہیں کرسکیں گی۔
پودینہ
پودینہ بھی کیڑوں کو دور بھگانے میں موثر ہے، چیونٹیاں پودینے کی مہک کو پسند نہیں کرتیں اور ایسی جگہوں پر جانے سے دور رہنا پسند کرتی ہیں جہاں یہ مہک آرہی ہو۔ پودینے کے تیل کے 10 قطرے ایک کپ پانی میں ملاکر داخلی راستوں پر ٹپکادیں۔ یہ عمل ایک دن میں 2 بار دہرائیں، اس کی جگہ خشک پودینے کو بھی چھڑکا جاسکتا ہے۔
چینی
گرمیوں میں چیونٹیاں اکثر چینی کی تلاش کرتی ہیں تو انہیں مرچوں کا مزہ دیں۔ پسی ہوئی سرخ مرچ کو ان جگہوں پر چھڑکیں جہاں چیونٹیاں بہت زیادہ آتی ہو، اگر آپ چیونٹیوں کا بل گھر کے بہت قریب نظر آئے تو سرخ مرچوں کو اس میں کچھ مقدار میں ڈال دیں، وہ غائب ہوجائیں گی۔
نمک
اگر گھر میں ہر جگہ چیونٹیاں نظر آرہی ہیں تو نمک کو ان کی گزرگاہوں پر چھڑک دیں، چیونٹیاں اس رکاوٹ کو عبور کرنے کی ہمت نہیں کرسکیں گی۔
لیموں
لیموں بھی چیونٹیوں کے خاتمے کیلئے بہترین ہے۔ ب سے پہلے تو لیموں کا عرق کچھ مقدار میں فرش پر دہلیز کے مقام پر اور کھڑکیوں پر چھڑک دیں، اس کے بعد ایسے کسی سوراخ یا دراڑ میں اس عرق کو ڈالیں جہاں سے چیونٹیاں آتی ہوں۔ آخر میں لیموں کے چھلکے کے چھوٹے ٹکڑے کرکے بیرونی دروازے کے گرد رکھ دیں، چیونٹیاں دور ہوجائیں گی۔
مالٹے
اپنے باغ ، صحن اور گھر کے مختلف حصوں سے چیونٹیوں کو دور بھگانے کے لیے مالٹے کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔ مالٹے کے چھلکوں کو بلینڈر میں پیس لیں اور پھر ایک کپ گرم پانی میں ملالیں۔ اس سلوشن کو متاثرہ جگہوں پر چھڑکنے سے چیونٹیوں سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔
ٹیلکم پاؤڈر
چیونٹیوں کو بھگانے کے لیے ٹیلکم پاﺅڈر کو گھر کے کونوں اور داخلی مقامات جیسے دروازوں اور کھڑکیوں میں چھڑک دیں۔
بوریکس پاؤڈر
بوریکس پاؤڈر ایک قدرتی معدنیات ہے جو زیادہ تر کیڑے مار دواؤں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ چینوٹوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے ایک کپ گرم پانی، آدھا کپ چینی اور دو چمچ بوریکس پاؤڈرکو اچھی طرح مکس کریں۔ اب اس مکسچر میں کاٹن بال کو بھگو کر متاثرہ جگہوں پر اس کو رکھ دیں۔