دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستانی نوجوانوں کیلئے مفت آئی ٹی ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے پاکستانی نوجوان 3 لاکھ روپے تک کماسکیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ٹیک ویلی کے ساتھ مل کر گوگل نے پاکستانی نوجوانوں کے لیے مفت آئی ٹی ٹریننگ کا اعلان کیا ہے۔
ٹریننگ سے پاکستانی نوجوان نہ صرف آئی ٹی میں مہارت حاصل کر سکتے ہیں بلکہ یہ ٹریننگ پروگرام نوجوانوں کو 3 لاکھ پاکستانی روپے کمانے کا شاندار موقع فراہم کرتا ہے۔
ٹریننگ میں جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بہت سی اہم مہارتیں شامل ہوں گی جن میں آئی ٹی سپورٹ، یو ایکس ڈیزائن، پروجیکٹ مینجمنٹ، آئی ٹی آٹومیشن، ایڈوانسڈ ڈیٹا اینالیٹکس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای کامرس، بزنس انٹیلی جنس اور سائبر سیکیورٹی شامل ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے بھی نوجوانوں کیلئے آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کا اعلان کیا جاچکا ہے اور اسکی رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری کے اعلان کے مطابق گورنر ہاؤس سندھ میں 50 ہزار افراد کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ گورنر سندھ کے اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو کلاؤڈ کمپیوٹنگ، مصنوعی ذہانت، اور ویب 03 سمیت مستقبل کی ٹیکنالوجیز کی تربیت دے کر کراچی کو ایک کامیاب آئی ٹی مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔
طلباء کا انتخاب اہلیت ٹیسٹ کے ذریعے کیا جائے گا جو گورنر ہاؤس میں لیا جائے گا۔ کامران ٹیسوری کا دعویٰ ہے کہ اس تربیت کے بعد نوجوان تقریباً 3 لاکھ سے 5 لاکھ روپے کما سکیں گے۔