ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن نے سیلاب اور لمپی اسکن بیماری سے لائیو اسٹاک سیکٹر کو پہنچنے والے نقصان کے اثرات کے نتیجے میں بڑھنے والی مہنگائی کو روکنے کیلئے متعدد سفارشات تیار کرلیں۔
ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن نے سفارشات پر مشتمل خط وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کردیا ہے اور وزیراعظم سے عوام کی بھلائی کیلئے سفارشات پر عمل درآمد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر نے خط میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے حکومتی کردار کو سراہا اور وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو قابل ستائش قرار دیا۔
شاکرعمر گجر نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے لیکن سیلاب کے باعث بیشتر فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں جبکہ مال مویشی بھی سیلاب اور لمپی اسکن بیماری کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔
شاکرعمر گجر کے مطابق موجودہ صورتحال میں دودھ،گوشت،مرغی اور انڈے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگا اور اس کا نتیجہ مہنگائی کی صورت میں نکلے گا جس سے عام آدمی متاثر ہوگا۔
ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ عوام الناس کی قوت خرید میں لانے کیلئے لائیو اسٹاک سیکٹر کی بہتری میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔
شاکر گجر نے خط میں لکھا ہے کہ ہماری معلومات کے مطابق پاکستان اپنے مویشیوں کی ضروریات کا 45 فیصد چارہ پیدا کرتا ہے اور فیکٹریوں میں اجناس کی پروسیسنگ کے بعد نکلنے والے تمام چھلکے گندم چوکر،مکئی،رائس پالش،رائس بران میل،بنولہ میل،کینولہ میل،بھوسہ،روڈ گراس اور دیگر ضروری اجناس ملکی ضروریات پوری کئے بغیر ایکسپورٹ کئے جارہے ہیں۔
شاکر گجر نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ ان سب چیزوں کو کنٹرول کرنے کے لئے مشکل فیصلے لینے ہونگے اور اب وقت آگیا ہے کہ کڑے وقت سے نکلنے اور ترقی کے لئے لائیواسٹاک سیکٹر کی راہ میں حائل رکاوٹیں کو دور کرکے پیداوار کو بڑھایا جائے۔
صدر ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہم آپ سے سفارش کرتے ہیں کہ اجناس کی پروسیسنگ کے بعد بچنے والے اجناس کے چھلکوں،رائس پالش،رائس بران میل،کینولہ میل،بنولہ میل،گندم چوکر،مکئی اور بھوسے کی ایکسپورٹ کو بند کردیا جائے تاکہ دودھ،گوشت،مرغی اور انڈہ قوت خرید میں رہ سکے۔
شاکر گجر نے امید کا اظہار کیا کہ فوڈ سیکیورٹی کے مسئلے اور مہنگائی سے بچنے کے لئے ان سفارشات پر غور کیا جائے اور منسٹری آف کامرس ان ضروری اشیاء کی ایکسپورٹ پر پابندی لگائے گئی۔