کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 4 میں واقع ایک اسکول سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔ مبینہ طور پر خاتون کو دیگ میں جلاکر قتل کیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق خاتون کی لاش جھلس چکی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کی لاش اسکول کے کچن میں موجود دیگ میں تھی اور بظاہر ایسا ہی لگ رہا ہے کہ خاتون کو دیگ میں ڈال کر جلا کر قتل کیا گیا ہے۔
خاتون کے شناخت 35 سالہ نرگس کے نام سے ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ خاتون اسی اسکول میں کام کرتی تھی، اور اپنے شوہرکے ساتھ اسکول میں ہی رہتی تھی لیکن اسکا شوہر بچے فرار ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو خاتون کی جھلسی ہوئی لاش برآمد ہوئی، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے اسکول سے شواہد اکھٹے کرلئے ہیں اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جب کہ انتظامیہ اور مبینہ طور پر مقتولہ کے شوہر سے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔