ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین قومی اسمبلی نے شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ کو کے الیکٹرک کی نااہلی قرار دیا ہے۔
روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق ایم کیوایم کے اراکین قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہری لوڈ شیڈنگ کا عذاب جھیل رہے ہیں جو کے الیکٹرک کی نا اہلی کی بدترین مثال ہے۔ کے الیکٹرک تمام تر دعووں کے باوجود نہ تو بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر کرسکی اور نہ ہی لائن کے نقصانات پر قابو پا سکی ہے۔
آئے دن بجلی کے ٹیرف میں اضافہ اور زائد بلنگ نے عوام کی کمر توڑدی ہے جبکہ لوڈشیدنگ خاص طور پر اس وقت کی جاتی ہے جب گھروں میں پانی آنے کا وقت ہوتاہے۔
ایم کیوایم اراکین قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ شہری پہلے ہی پانی کی کمی کی وجہ سے پریشان ہیں، اگر لوڈ شیدنگ کرنا بہت ضروری ہے توعلاقے کے واٹر بورڈ کے متعلقہ حکام سے بات چیت کر کے لوڈ شیڈنگ کے اوقات کار انکو فراہم کردیا جائے۔
اراکین قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک اپنا قبلہ درست کرتے ہوئے بجلی کے ترسیل کے نظام میں بہتری لائے بصورت دیگر عوام اس کا محاسبہ کرنے پر مجبور ہونگے۔