Search
Close this search box.

کینیڈا ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا شیڈول اور تاریخ، کینیڈا کی ٹیم میں کتنے پاکستانی شامل؟

کینیڈا کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حصہ لے رہی ہے۔ کینیڈا کی ٹیم کرکٹ کی ایسوسی ایٹ ٹیموں میں شامل ہے۔ کینیڈا نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پہلا انٹرنیشنل میچ 2008 میں نیدرلینڈز کے خلاف کھیلا تھا۔

کینیڈا کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کس طرح پہنچی؟

کینیڈا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں کامیابی حاصل کرکے میگاایونٹ تک رسائی حاصل کی۔ کینیڈا نے امریکا ریجن کا کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے فائنل میں برمودا کو شکست دی اور عالمی کپ میں جگہ بنائی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کینیڈا کا شیڈول

کینیڈا کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ اے میں شامل ہے۔ گروپ اے میں شامل دیگر ٹیموں میں میزبان امریکا، آئرلینڈ، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کینیڈا کی ٹیم افتتاحی میچ میں ہی ان ایکشن ہوگی۔ اسکا میچ میزبان امریکا کی ٹیم کے ساتھ 2 جون کو شیڈول ہے۔ 

کینیڈا کا دوسرا میچ 7 جون کو آئرلینڈ کے ساتھ ہوگا۔ 11 جون کو پاکستانی ٹیم کینیڈا کے مدمقابل ہوگی جب کہ 15 جون کو کینیڈا کی ٹیم کو اپنے آخری گروپ میچ میں بھارتی ٹیم کا چیلنج درپیش ہوگا۔

کینیڈا کے اسکواڈ میں کون کون سے پاکستانی کرکٹر شامل ہیں؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے منتخب کینیڈا کے اسکواڈ میں مجموعی طور پر 3 پاکستانی کرکٹر سعد بن ظفر، جنید صدیقی اور کلیم ثناء رحمان شامل ہیں۔ میگاایونٹ میں سعد بن ظفر کینیڈا کی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ سعد بن ظفر کا تعلق بنیادی طور پر پاکستان کے شہر گجرانوالہ سے ہے۔ 

سعد بن ظفر 12 ون ڈے اور 38 ٹی ٹوئنٹی میچز میں کینیڈا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سے تعلق رکھنے والے جنید صدیقی 9 ون ڈے اور 20 ٹی ٹوئنٹی میچز کینیڈا کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔ 

کلیم ثناء رحمان کا تعلق پاکستان کے شہر راولپنڈی سے ہے۔ کلیم ثناء پاکستان کی جانب سے انڈرنائنٹین لیول پر بھی کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے کینیڈا کیلئے 8 ون ڈے اور 16 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں۔

انکے علاوہ نکھل دتہ، رشیو جوشی، ریان پٹھان اور آرون جانسن جیسے باصلاحیت کھلاڑی بھی کینیڈا کے اسکواڈ میں شامل ہیں۔

کینیڈا کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کارکردگی

کینیڈا کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنے آخری 5 میں سے 4 میچز ہار چکی ہے جب کہ ایک میچ بے نتیجہ رہا تھا۔ مجموعی طورپر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کینیڈا کی ٹیم 58 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے 30 میں کامیابی حاصل کی، 25 میں شکست ہوئی۔ 2 میچ ٹائی ہوئے اور ایک بے نتیجہ رہا۔

کینیڈا کی ٹیم پاکستان کے خلاف بھی ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکی ہے۔ 2008 میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے کینیڈا کو 35 رنز سے ہرایا تھا۔ سلمان بٹ 74 رنز کی اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دا میچ رہے تھے۔

 

 

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں