کینیڈا میں بڑے پیمانے پر جنگلات میں آگ لگ گئی، آگ سے متاثرہ شمال مغربی علاقوں سے تقریباً 22 ہزار افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ آگ سے متاثرہ علاقے کے رہائشیوں کو بچانے کے لیے انہیں سڑکوں اورہیلی کاپٹرز کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے جنگلات میں آتشزدگی کے باعث ویسٹ کیلوونا کا شہر شدید متاثرہوا ہے جہاں گھروں کو بری طرح نقصان پہنچا ہے جبکہ صوبے برٹش کولمبیا میں سرکاری طور پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
برٹش کولمبیا کے سربراہ ڈیوڈ ایبے نے خبردار کیا ہےکہ آتشزدگی کے نتیجے میں صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور ہم آنے والے دنوں میں شدید چیلنجنگ صورتحال میں ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق مک ڈوگل کے جنگلات میں آگ نے 24 گھنٹوں کے دوران 6800 ایکڑ کے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے باعث تقریباً 4800 افراد کو علاقے سے انخلا کا حکم دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا میں 1100 مقامات پر جنگلات میں آگ لگی ہے، کیلووانا اور برٹش کولمبیا میں جنگلات کی آگ تیزی سے پھیلنے لگی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آگ سے 13.2ہیکٹر رقبہ جل کر خاکستر ہو چکا ہے، کینیڈا کے شمال مغربی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کی جاچکی ہے اور آگ سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کے انخلا کیلئے امدادی کارروائیوں میں فوج بھی حصہ لے رہی ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ کینیڈا کے جنگلات میں لگی آگ دہائی کی بدترین آگ قرار دی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ کینیڈا کے جنوبی اور شمالی حصے میں جولائی میں سب سے زیادہ گرم درجہ حرارت تھا، جو 37 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔