پاکستانی کرکٹر اور سابق کپتان شعیب ملک ایک بار پھر شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ شعیب ملک نے سوشل میڈیا پر اداکارہ ثناء جاوید کے ساتھ شادی کا اعلان کردیا ہے۔
شعیب ملک کی مجموعی طور پر یہ تیسری شادی ہے۔ شعیب ملک کی اس سے قبل بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے شادی ہوئی تھی۔ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی 2010 میں ہوئی تھی۔
پاکستان اور بھارتی سپراسٹارز کی اس جوڑی کو نہ صرف میڈیا بلکہ دونوں ممالک کے عوام میں بھرپور پذیرائی ملی اور اور دونوں کے درمیان شادی تقریباً 12 سے 13 برس تک رہی۔
شعیب ملک کی ثانیہ مرزا سے قبل ایک اور بھارتی لڑکی عائشہ صدیقی سے بھی شادی ہوئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق شعیب ملک کی عائشہ صدیقی سے شادی 2004 میں ہوئی تھی جسکا اعتراف شعیب ملک نے میڈیا پر ایک انٹرویو کے دوران بھی کیا تھا۔
شعیب ملک اور عائشہ صدیقی کے درمیان شادی کی تصاویر یا دونوں کبھی ایک ساتھ منظرعام پر نہیں آئے لیکن ثانیہ مرزا کے ساتھ شادی سے قبل شعیب ملک اور عائشہ صدیقی کی شادی کا اس وقت چرچا ہوا جب عائشہ صدیقی خود منظر عام پر آئیں اور شعیب ملک سے شادی کا دعوٰی کیا۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق کرکٹر شعیب ملک ابتداء میں شادی کی مسلسل تردید کرتے رہے۔ عائشہ صدیقی کی جانب سے میڈیا کو نکاح نامہ کی نقول بھی فراہم کی گئیں۔