کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں دو روز قبل گٹرمیں گر کر جاں بحق ہونے والی 4 سال بچی کی ماں غم سے نڈھال ہے۔ بچی کی ماں نے حکام سے گٹروں کے ڈھکن لگانے کا مطالبہ کردیا۔
کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں 2 روز قبل 4 سالہ بچی عمرہ کھیلتے ہوئے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگئی تھی۔ جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بچی کی والدہ حکمرانوں دہائی دیتے نظر آئیں۔
بچی کی والدہ کا کہنا تھا کہ وہ لوگ کوئی قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتے لیکن حکام سے صرف اتنی درخواست ہے کھلے ہوئے مین ہولز کے ڈھکن لگادئے جائیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ جلد درج کیا جائے گا۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق علاقے میں اب بھی متعدد ایسے گٹر موجود ہیں جنکے ڈھکن نہیں لگے ہوئے ہیں۔
واضح رہے شہر میں کھلے ہوئے گٹر آئے روز جان لیوا حادثات کا سبب بن رہے ہیں مگر انتظامیہ کی جانب سے اب تک کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے جاسکے۔