سری لنکا کی معاشی صورت حال کے باعث جاری بدامنی کرکٹ کے میدانوں پر بھی اثر انداز ہونے لگی اور اب سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے میچز کے حوالے سے اہم اعلان کردیا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کولمبو سے گال منتقل کردیا گیا ہے، سری لنکن بورڈ نے ٹیسٹ میچ گال منتقل کرنے کی تصدیق کردی ہے۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے فیصلے سے پہلے پی سی بی سے بھی باہمی مشاورت کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ سری لنکن دارالحکومت میں جاری امن وامان کی مخدوش صورت حال کے باعث کیا گیا، دونوں ٹیموں کے درمیان آج سے پہلا ٹیسٹ گال میں شروع ہوچکا ہے جبکہ دوسرا ٹیسٹ چوبیس جولائی سے کولمبو میں کھیلا جانا تھا۔
واضح رہے کہ کولمبو میں لاکھوں کی تعداد میں مظاہرین اہم سرکاری عمارتوں کے سامنے سراپا احتجاج ہیں ، عوامی احتجاج کے باعث سری لنکن صدر ملک سے فرار ہوئے اور مالدیپ سے انہوں نے اپنا استعفیٰ اسپیکر پارلیمنٹ کو بھجوایا جسے منظور کیا جاچکا ہے۔ ادھر قائم مقام صدر نے عوامی ردعمل کے سامنے گھنٹے ٹیکنے پر مجبور ہوکر مستعفی ہوچکے۔
واضح رہے کہ پاکستان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لئے سری لنکا میں موجود ہے، ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔